بھارت اور کینیڈا کا اپنے سفیروں کی دوبارہ تعیناتی کا فیصلہ

ٹورنٹو(اے ایف پی)کینیڈا اور بھارت نے ایک دوسرے کے دارالحکومتوں میں سفیروں کی واپسی پر اتفاق کیا۔۔
مارچ میں عہد ہ سنبھالنے والے کینیڈین وزیر اعظم مارک کارنی نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کینیڈین راکیز میں سات بڑی معیشتوں کے گروپ کے سربراہی اجلاس میں بطور مہمان مدعو کیا اورگزشتہ روز ان کی ملاقات ہوئی ۔ملاقات میں کارنی اور مودی نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک نئے ہائی کمشنرز کا نام دیں گے ۔کینیڈین وزیر اعظم کے دفتر نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے یہ فیصلہ دونوں ممالک میں شہریوں اور کاروباری اداروں کیلئے کیاہے ۔مودی نے کارنی سے ماؤنٹین ریزورٹ میں ملاقات کے دوران کہاکہ کینیڈا اور ہندوستان دونوں ہی جمہوری اقدار کے لیے وقف ہیں،ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات کئی لحاظ سے بہت اہم ہیں۔انہوں نے کارنی کو لبرل پارٹی کی انتخابی جیت کے لئے مبارکباد دی اور کہا کہ مجھے یقین ہے کہ بھارت اور کینیڈا کئی شعبوں میں ترقی کیلئے مل کر کام کریں گے ۔مارک کارنی کا کہنا ہے کہ انہوں نے جی سیون کا رکن نہ ہوتے ہوئے بھی انڈیا کو اس میں شرکت کی دعوت دی کیونکہ انڈیا کا عالمی سپلائی چینز میں اہم کردار ہے ۔