غزہ : وحشانہ اسرائیلی حملے ، 2 دن میں 202 افراد شہید ، 1037 زخمی

غزہ ،لندن (نیوز ایجنسیاں )غزہ کے مختلف علاقوں پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 202افراد شہید اور 1 ہزار 37 شدید زخمی ہو گئے ۔غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ7 اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 55 ہزار 908 افراد شہید اور 1 لاکھ 31 ہزار 138 زخمی ہوچکے ۔
غزہ کے شہری دفاع کے ادارے نے کہا کہ ہفتے کو امداد کے منتظر شہریوں پر اسرائیلی فائرنگ سے متعدد افراد شہید اور زخمی ہوئے ۔اسرائیلی فورسز نے غزہ شہر میں 10 سے زائد مکانات کو بھی دھماکا خیز مواد سے اڑا کر مسمار کر دیا۔ادھر اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے شہر نقورہ کے قریب حزب اللہ کے انفراسٹرکچر سائٹس کو نشانہ بنایا،امریکا نے فلسطین حامی مظاہروں کے رہنما محمود خلیل کو رہا کردیا ۔ امریکی وفاقی جج نے کولمبیا یونیورسٹی کے طالبعلم محمود خلیل کی رہائی کا حکم دیا تھا، انہیں 3 ماہ سے زائد عرصہ زیر حراست رکھا گیا۔گزشتہ روز وسطی لندن میں شدید گرمی کے باوجود ہزاروں فلسطینی حامی مظاہرین نے احتجاجی مظاہرہ کیا ، مظاہرین نے فلسطینی جھنڈے لہرائے ،فلسطین آزاد ہو گا،غزہ کو بھوکا مارنا بند کرو، اسرائیل کو مسلح کرنا بند کرو،ایران کے خلاف جنگ نہ کرو کے نعرے لگائے ۔مظاہرین نے غزہ میں جنگ کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ،احتجاج میں شریک 34 سالہ ہیری بیکر نے کہا کہ یہ یاد رکھنا ضروری ہے کہ غزہ میں لوگ مصائب کا شکار ہیں۔ مجھے خدشہ ہے کہ اب تمام تر توجہ ایران پر مرکوز رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ "مجھے ایرانی حکومت سے زیادہ محبت نہیں ہے ، لیکن اب ہم ایک خطرناک صورتحال سے دوچار ہیں۔ 60سالہ نکی مارکس نے کہا کہ لوگوں کو اپنی نظریں غزہ پر رکھنے کی ضرورت ہے ۔ وہاں نسل کشی ہو رہی ہے ۔