ملٹری بیس پر حملے کی پیشگی اطلاع پر ایران کا شکریہ :ٹرمپ

واشنگٹن (دنیا مانیٹرنگ )امریکی صدر ٹرمپ نے قطر میں العدید فضائی اڈے پر ایرانی میزائل حملے کے بعد اپنے پہلے بیان میں کہا ہے کہ ملٹری بیس پر حملے کی پیشگی اطلاع پر ایران کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
ایران نے انتہائی کمزور رد عمل دیا ،جسکی ہمیں توقع تھی،ایران اب امن کی طرف بڑھ سکتا ہے ،چاہوں گا اسرائیل بھی ایسا ہی کرے ،یہ اب امن کا وقت ہے ۔ایران نے اپنا غصہ نکال لیا ہے ، اب مزید نفرت نہ بڑھائی جائے ،ٹروتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں ٹرمپ کا کہنا تھاایران نے 14 میزائل فائر کیے جن میں سے 13 کو مار گرایا گیا، ایک ایرانی میزائل کو آزاد چھوڑ دیا گیا کیونکہ اس سے کوئی خطرہ نہیں تھا۔ایران نے سرکاری طور پر اپنے جوہری مراکز کے خاتمے پر انتہائی کمزور رد عمل دیا ہے ،ٹرمپ کے مطابق ایرانی حملے میں کسی امریکی کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔ٹرمپ نے کہا حملے کی پیشگی اطلاع دینے پر ایران کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جسکے سبب نہ ہی کسی جان کا ضیاع ہوا اور نہ کوئی زخمی ہوا۔شاید اب ایران خطے میں امن اور ہم آہنگی کی طرف بڑھ سکتا ہے اور میں ایسا کرنے کے لیے اسرائیل کی بھی حوصلہ افزائی کروں گا۔ امریکی صدر نے قطر کے امیر کا خطے میں امن کے حصول میں کردار ادا کرنے پر شکریہ ادا کیا ہے ۔ٹروتھ سوشل پر پیغام میں امریکی صدر نے لکھا یہ اب امن کا وقت ہے ۔