غزہ : اسرائیلی بمباری ، بچوں ، خواتین سمیت مزید 46 افراد شہید
غزہ(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ )غزہ میں ہفتے کو اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 46 فلسطینی شہید اور 100سے زائد زخمی گئے ۔ محکمہ صحت کے مطابق شہدا میں چار بچے اور دو خواتین بھی شامل ہیں۔
مرکزی غزہ کے علاقے دیر البلح میں 13 افراد شہید ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔الاقصیٰ شہدا ہسپتال کی طرف سے بتایا گیا کہ ایک اور حملے میں فیول سٹیشن کے قریب چار افراد مارے گئے ،جنوبی غزہ میں واقع خان یونس میں 15 فلسطینی شہید ہوئے ۔دوسری جانب اسرائیل کی فوج کا کہنا تھا گزشتہ 48 گھنٹوں میں انہوں نے غزہ پٹی میں تقریباً 250 اہداف کو نشانہ بنایا، تاہم قابض اسرائیلی افواج نے شہریوں کی شہادتوں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔دوسری جانب فلسطینی ذرائع کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کے لیے جاری بالواسطہ مذاکرات اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فوج رکھنے کی تجویز پر تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔ دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں اسرائیل نے فوج کے مکمل انخلا کے بجائے ازسرنو تعیناتی کا نقشہ پیش کیا ہے ، جسے فلسطینی حلقے جنگ بندی کی راہ میں رکاوٹ قرار دے رہے ۔ فلسطینی ذرائع نے اسرائیل پر مذاکرات کو طول دینے اور نسل کشی کی جنگ جاری رکھنے کا الزام عائد کیا ہے ۔