اسلام احترام انسانیت کا درس دیتا ہے :عبدالخبیر آزاد
بارسلونا (مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی اور خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور، مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اسلام دینِ امن ہے ، جو ہمیں اخوت، بھائی چارے ، امن اور احترامِ انسانیت کا درس دیتا ہے ۔
آج ہمیں سب کو ایک دوسرے کا بھائی بننا ہے ، اور چھوٹے موٹے اختلافات کو بھلا کر وحدت، اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپین کے شہر بارسلونا میں پاکستان فورم کے زیر اہتمام قرطبہ ہوٹل میں \"اتحاد بین المسلمین کانفرنس\" کی صدارت کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی ؐ، نبیِ رحمت ہیں، جو سارے جہانوں کے لیے رحمت للعالمین ؐ بنا کر بھیجے گئے ۔ آج ہمیں ان کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے کسی کے دل کو نہیں دکھانا چاہیے ، تشدد آمیز رویوں سے گریز کرنا چاہیے اور ایک دوسرے کے درمیان وحدت کو فروغ دینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وہ قومیں ہمیشہ کامیاب رہی ہیں جو آپس میں متحد رہی ہیں۔ ہم نے اپنے دشمن کو جو شکست دی ہے ، اس میں سب سے بڑی کامیابی اتحاد اور ایک قوم بن کر دشمن کے سامنے ڈٹ جانے کی تھی۔ہندوستان نے پَہلگام کا جھوٹا الزام ہم پر لگایا اور پھر ہماری عبادت گاہوں، مساجد پر حملہ آور ہوا، جس کا جواب پاکستان نے معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص کی صورت میں دیا اور واضح کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔اللہ تعالیٰ نے ہماری مدد فرمائی اور معرکۂ حق آپریشن بنیان مرصوص میں ایک عظیم فتح عطا فرمائی، جس کے ذریعے ہم نے پوری امتِ اسلامیہ کے دل جیت لیے اور پوری اُمت کی دعائیں پاکستان کے ساتھ تھیں۔