غزہ:اسرائیلی فائرنگ ، امداد کے منتظر مزید 24افراد شہید

غزہ:اسرائیلی فائرنگ ، امداد کے منتظر مزید 24افراد شہید

غزہ (اے ایف پی)غزہ میں اسرائیلی فائرنگ کے نتیجے میں امداد کے منتظر مزید 24 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ۔

 غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے کہا اسرائیلی فائرنگ سے  رفح میں امریکی امدادی مرکز کے نزدیک امداد کے منتظر 10 افراد شہید ہو گئے ۔ ترجمان محمود بسال کے مطابق 9 افراد الشکوش میں اور ایک شہری نتساریم راہداری کے قریب مارا گیا۔خان یونس میں دو حملوں میں 10 افراد مارے گئے جبکہ جبالیہ میں 4 افراد شہید ہوئے ۔خان یونس میں کویتی فیلڈ ہسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا شدید غذائی قلت کے شکار افراد کی تعداد خطرناک حد تک بڑھ چکی،ہسپتال میں مریضوں کا ہجوم ہے ،سینکڑوں افراد کی موت کا خدشہ ہے ۔ اقوام متحدہ کے مطابق مئی کے بعد سے کھانے کی تلاش میں 875 افراد مارے جا چکے ۔یروشلم کے کیتھولک لاطینی پطرارک پیئرباتیسٹا پیزابالا اور یونانی آرتھوڈوکس پطرارک تھیوفیلس سوم نے غزہ کا دورہ کیا۔ یہ دورہ غزہ کے واحد کیتھولک چرچ پر اسرائیلی فضائی حملے کے ایک دن بعد کیا گیا، جس میں چرچ کو شدید نقصان پہنچا اور کئی افراد ہلاک ہوئے ۔ عیسائی رہنماؤں نے مقامی عیسائی برادری سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ادھر القسام بریگیڈز نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی کی پیشکش مسترد کر رہا ہے ۔ اگر اسرائیل نے اپنا رویہ نہ بدلا تو جزوی معاہدے کی پیشکش بھی واپس لے لیں گے ۔جرمن چانسلر فریڈرک مرز نے جمعہ کو اسرائیلی وزیر اعظم کو ٹیلیفون پر بتایا کہ وہ جنگ سے تباہ حال غزہ میں جلدی جنگ بندی کی امید رکھتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں