مقبوضہ کشمیر : بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری ، مزید 5 بے گناہ شہید

مقبوضہ کشمیر :  بھارتی   ریاستی   دہشتگردی    جاری    ،   مزید   5     بے   گناہ    شہید

سرینگر،جموں (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی جاری ہے ، ضلع کولگام میں مزید 5 بے گناہ نوجوانوں کو شہید کر دیا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے دیو سر اکھل میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔

بھارتی فورسز نے علاقے میں تلاشی آپریشن جمعہ کی شام سے شروع کیا تھا۔آخری اطلاعات تک آپریشن جاری تھا۔رواں ہفتے شہید ہونے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 10ہوگئی۔ بھارتی فوجیوں نے پیر کو سرینگر کے علاقے داچھی گام میں تین جبکہ بدھ کو ضلع پونچھ کے علاقے کسیلیان میں 2نوجوان جعلی مقابلوں میں شہید کیے تھے ۔ادھر ضلع ڈوڈہ میں بھارتی پیرا ملٹری کا اہلکار 37سالہ راجندر پرساد باگڑیا عمار ت کی چھت سے گرنے کے باعث ہلاک ہو گیا۔دریں اثنا ضلع کپواڑہ سے 18 سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔متوفی کی شناخت محمد اسلم خان کے طور پرہوئی ہے ۔نوجوان مویشیوں کو لیکر جنگل کی طرف گیا تھا،لاش قریبی جنگل سے ملی۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تفتیش شروع کردی ۔دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی کال د ی ہے ۔حریت کانفرنس کا کہنا تھا کشمیری 5 اگست کو مکمل ہڑتال کرکے دنیا کو یہ واضح پیغام دیں کہ وہ 5 اگست 2019 کے بھارت کے غیر قانونی اقدامات کو تسلیم نہیں کرتے ۔ بیان میں کہا گیا کہ 5 اگست کشمیریوں کیلئے سیاہ ترین دنوں میں سے ایک ہے ،بھارت نے ان کی منفرد حیثیت اور شناخت چھین لی۔ادھر حریت کانفرنس اور مختلف آزادی پسند تنظیموں نے سرینگر اور مقبوضہ وادی کے دیگر علاقوں میں پوسٹر بھی چسپاں کیے ہیں جن میں درج تحریر میں اگست2019 کے غیر قانونی بھارتی اقدامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں واپس لینے ، سیاسی نظر بندوں کی رہائی اور مسئلہ کشمیرکو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے 5 اگست 2019 کو یکطرفہ طورپرمقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کردی تھی۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں