ٹرمپ کا وائٹ ہاؤس چھت پر نیوکلئر میزائل نصب کرنیکا مذاق
واشنگٹن (اے ایف پی) امریکی صدر ٹرمپ نے منگل کو اچانک وائٹ ہاؤس کی چھت پر نمودار ہو کر سب کو حیران کر دیا، جہاں انہوں نے روس کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پس منظر میں نیوکلئر میزائل نصب کرنے کا مزاحیہ انداز میں عندیہ دیا۔
ٹرمپ اپنے سکیورٹی گارڈز اور اسنائپرز کی نگرانی میں تھے ، پریس روم کی چھت پر بیس منٹ تک چہل قدمی کرتے رہے اور مجوزہ نئے بال روم کی جگہ کو بغور دیکھتے رہے ۔جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ چھت پر کیوں ہیں، تو انہوں نے ہنستے ہوئے جواب دیا، بس مٹر گشت کر رہا ہوں۔ پھر جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کیا تعمیر کرنے جا رہے ہیں، تو انہوں نے مذاقاً جواب دیا، ’’نیوکلئر میزائل‘‘ اور ہاتھ سے راکٹ داغنے کا اشارہ بھی کیا۔یاد رہے گزشتہ ہفتے ٹرمپ نے روس کے سابق صدر دمتری میدویدیف کے اشتعال انگیز بیانات کے ردعمل میں دو ایٹمی آبدوزیں روس کے قریب تعینات کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس اقدام کے بعد دونوں ممالک کے درمیان بیان بازی میں شدت آگئی ہے ۔