مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں:ٹرمپ

مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک اسرائیل کو تسلیم کریں:ٹرمپ

واشنگٹن ( مانیٹرنگ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے تمام ممالک کے لیے ضروری ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی غر ض سے ’’ ابراہم معاہدوں‘‘ میں شامل ہوں تاکہ خطے میں امن قائم ہو سکے۔۔

انہوں نے ایک سوشل میڈیا پیغام میں لکھا اب جبکہ ایران کے جوہری ہتھیاروں کا مکمل طور پر خاتمہ کر دیا گیا ہے ، میرے لیے بہت اہم ہے کہ تمام مشرق وسطیٰ کے ممالک ابراہم معاہدوں میں شامل ہوں۔یہ معاہدے ٹرمپ کے پہلے دورِ حکومت میں طے پائے تھے ، جن کے تحت چار ممالک نے امریکا کی ثالثی میں اسرائیل کو تسلیم کیا اور سفارتی تعلقات قائم کیے ۔ان میں متحدہ عرب امارات ،بحرین ،سوڈان اور مراکش شامل ہیں ۔اگرچہ مزید ممالک کو شامل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، لیکن غزہ کی صورتحال نے ان کوششوں کو پیچیدہ بنا دیا ہے ، جہاں مقامی حکام کے مطابق 60 ہزار سے زائد افراد ہلاک  ہو چکے ہیں اور شدید بھوک اور قحط کا سامنا ہے ۔اس صورتحال پر عالمی سطح پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے ، کینیڈا، فرانس اور برطانیہ جیسے ممالک حالیہ دنوں میں فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کے منصوبوں کا اعلان کر چکے ہیں۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ اب آذربائیجان اور وسطی ایشیا کے کچھ اتحادی ممالک کے ساتھ مذاکرات کر رہی ہے تاکہ انہیں بھی ابراہم معاہدوں میں شامل کیا جا سکے اور اسرائیل کے ساتھ ان کے تعلقات کو مزید مضبوط کیا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں