امریکہ سے تعلقاقات میں کشیدگی،بھارتی وزیر دفاع کا دورہ منسوخ،اسلحہ کی خریداری بھی روک دی:ٹرمپ نے بھارت سے تجارتی مذاکرات معطل کر دیئے

امریکہ سے تعلقاقات میں کشیدگی،بھارتی وزیر دفاع کا دورہ منسوخ،اسلحہ کی خریداری بھی روک دی:ٹرمپ نے بھارت سے تجارتی مذاکرات معطل کر دیئے

واشنگٹن ،نئی دہلی (رائٹرز ،اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا سے تعلقات میں کشیدگی کے بعد بھارتی وزیردفاع کا دورہ امریکا منسوخ کردیاگیا جبکہ بھارت نے امریکا سے اسلحہ کی خریداری بھی روک دی ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت سے تجارتی مذاکرات معطل کردئیے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر سے وائٹ ہاؤس میں صحافی نے سوال کیا کہ کیا وہ بھارت سے ٹیرف کے معاملے پر بات چیت کریں گے ،جس پر امریکی صدر نے کہا کہ جب تک ٹیرف کا تنازع حل نہیں ہو جاتا بھارت کے ساتھ کسی قسم کے تجارتی مذاکرات نہیں ہوں گے ۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف کے اعلان کے بعد سے ممبئی سٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے ۔ مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر غیر ملکی سرمایہ کاروں نے صرف جمعرات کے روز مارکیٹ سے 50 ارب ڈالر نکال لئے تھے ۔ 50فیصدا مریکی ٹیرف کے ردعمل میں بھارت نے امریکا سے سٹرائیکر و ہیکلز، جیولین میزائل اور بوئنگ طیاروں سمیت امریکی ہتھیار خریدنے کے منصوبے روک دئیے ہیں۔ بھارتی حکام کا کہناہے کہ بھارت اسلحے کی خریداری پربات دوبارہ شروع کرنے سے پہلے امریکی ٹیرف پر وضاحت کا منتظرہے ۔ امریکا سے 3.6 بلین ڈالر کے ہتھیاروں کی خریداری معاہدے کا اعلان بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے دورہ امریکا میں ہونا تھا تاہم بھارتی وزیر دفاع نے امریکا کا طے شدہ دورہ منسوخ کر دیا ہے ، بھارت نے امریکا سے ہتھیار اور طیارے خریدنے کے منصوبے پر عمل درآمد روکنے سے متعلق خبررساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کو غلط قرار دیتے ہوئے کہاکہ رپورٹ من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہے ، امریکا سے اسلحے کی خریداری کے مختلف معاملات موجودہ طریقہ کار کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔رائٹرز کی ہی ایک رپورٹ کے مطابق بھارت نے روس سے تیل کی درآمدات میں کمی کا امریکا کو عندیہ دیا ہے اورٹیرف پر معاہدے کی بات کی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں