مقبوضہ کشمیر میں شدید جھڑپیں 2بھارتی فوجی ہلاک
کولگام،سرینگر(اے پی پی)مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام میں جاری ) آپریشن کے دوران زخمی ہونے والے چھ بھارتی فوجیوں میں سے 2 زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کولگام کے علاقے اکھل میں جاری آپریشن 11ویں روز میں داخل ہو گیا ہے ۔آپریشن میں بھارتی فوجیوں ، پیرا ملٹری اور پولیس کے علاوہ پیرا کمانڈوز حصہ لے رہے ہیں۔ گن شپ ہیلی کاپٹروں اور ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا جا رہاہے ۔قابض فورسز کے آپریشن کے دوران اب تک دو نوجوان شہید ہو چکے ہیں ۔ علاقے میں بھارتی فورسز اور نامعلوم مسلح افراد کے خلاف جھڑپوں اور شدید فائرنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔مسلسل آپریشن کی وجہ سے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں ، علاقے میں خوراک ، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہو گئی ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے کشتواڑ میں 26 گھروں پر چھاپے مارے ۔ڈوڈ ہ پولیس نے 15مقامات پر چھاپے مارے اور مکینوں کو نہ صرف ہراساں کیا بلکہ املاک کی دستاویزات، موبائل فون اور لیب ٹاپ ضبط کر لیے ۔بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس نے اپنے اداریے میں لکھا مقبوضہ کشمیر میں 25 کتابوں پر حالیہ پابندی علاقے کی انتظامیہ کے اندر بڑھتے ہوئے عدم تحفظ کو ظاہر کرتی ہے اور یہ پابندی مودی حکومت کے ترقی کے دعوئوں سے متصادم ہے ۔اخبار نے لکھا کہ حکومت کشمیر میں امن کے دعوے کررہی تھی لیکن اچانک کیا ہوا ہے کہ اسے کتابوں پر پابندی عائد کرنا پڑی، سنسر شپ ،جبر سے صرف اور صرف مایوسی اور عدم اعتماد بڑھتا ہے ، کتابوں پر پابندی پریشان کن ہے ۔