اسرائیلی فوج کا غزہ پر نئے حملے کا منصوبہ تیار،مزید190 شہید
یرو شلم،غزہ(اے ایف پی ،دنیا مانیٹرنگ)اسرائیلی فوج نے غزہ پر نئے حملے کا منصوبہ تیارکر لیا اسرائیلی فوج نے کہا چیف آف سٹاف جنرل ایال زامیر نے غزہ پٹی پر نئے حملے کے منصوبے کا بنیادی خاکہ منظور کر لیا ۔واضح رہے اسرائیلی سکیورٹی کابینہ پہلے ہی غزہ پر قبضے کی منظوری دے چکی۔
ادھر حماس کے میڈیا دفتر کے سربراہ اسماعیل الثوابطہ نے اسرائیلی افواج پر تباہ کن کارروائیوں کی پالیسی کے تحت شہری املاک کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے ۔علاوہ ازیں اسرائیلی فوج نے بدھ کو غزہ سٹی پر شدید بمباری کی،عام شہریوں کے مکانات اور بلند عمارتیں نشانہ بنیں۔ ڈرونز کی پروازیں اور ٹینکوں کی پیش قدمی بھی جاری ہے ، مقامی آبادی شدید خوف کا شکار ہے ۔ وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 190افراد شہید 400سے زائد زخمی ہوئے ۔ بدھ کو غزہ میں بھوک کی شدت اور غذائیت کی کمی کے باعث تین بچوں سمیت مزید 8افراد شہید ہو گئے ۔ نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن نے اسرائیلی وزیراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا نیتن یاہو اپنا ذہنی توازن کھو چکے ہیں ۔غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ انتہائی ہولناک ہے ، اسرائیلی وزیراعظم حد سے بہت آگے نکل چکے ۔ وہ عالمی برادری کی بات نہیں سن رہے ، جو ناقابل قبول ہے ۔