غزہ:ہسپتال پر بمباری،6صحافیوں سمیت 20شہید،اقوام متحدہ کی مذمت
غزہ ،یروشلم (اے ایف پی،رائٹرز)جنوبی غزہ کے ناصر ہسپتال پر اسرائیلی فضائی حملے میں6صحافیوں سمیت 20 افرادشہید اور 50زخمی ہو گئے ،شہدا میں طبی عملے کے 4ارکان بھی شامل ہیں ۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق ہسپتال کی ایک عمارت پر ڈرون سے حملہ کیا گیا، زخمیوں کے انخلا کے دوران دوسرا فضائی حملہ ہوا۔شہید صحافیوں میں الجزیرہ کے فوٹو جرنلسٹ محمد سلامہ، ایسوسی ایٹڈ پریس کی فری لانس جرنلسٹ مریم دغہ، رائٹرز کے کنٹریکٹر حسام المصری شامل ہیں۔ فلسطینی صحافی تنظیم نے دیگر دو صحافیوں کے نام معاذ ابو تہہ اور احمد ابو عزیز بتائے ہیں۔خان یونس میں اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے فلسطینی صحافی اور ماہرِ تعلیم حسن دوہان بھی شہید ہو گئے ۔ انہوں نے اپنی آخری فیس بک پوسٹ میں ان صحافیوں کو خراج عقیدت پیش کیا تھا جو ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے تھے ۔ادھر اسرائیلی فائرنگ سے امداد کے منتظر مزید 8افراد شہید اور 15زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا ہسپتال پر حملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔ فوج نے غیر متعلقہ افراد کو نقصان پہنچنے پر افسوس کا اظہار کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ صحافیوں کو ہدف نہیں بناتی۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے صحافیوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا اسرائیل صحافیوں، طبی عملے کی قدر کرتا ہے ۔اقوام متحدہ نے اسرائیلی حملے میں صحافیوں اور ہسپتالوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے ،اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ترجمان رویانہ شم داسانی نے کہا دنیا کو فوری کارروائی اور انصاف کا تقاضا کرنا چاہیے ۔جرمنی،فرانس ،برطانیہ ،ترکیہ سمیت متعدد ممالک نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا اور صحافیوں کی حفاظت پر زور دیا۔ غیر ملکی صحافیوں کی تنظیم نے اسرائیلی حملے میں پانچ صحافیوں کی شہادت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسرائیلی فوج اور وزیر اعظم کے دفتر سے فوری وضاحت کا مطالبہ کیا ہے ۔ بیان میں کہا اسرائیل صحافیوں کو نشانہ بنانے کا یہ ہولناک سلسلہ فوری طور پر بند کرے ۔الجزیرہ، رائٹرز اور اے پی نے بھی اپنے صحافیوں کی شہادت پر شدید افسوس اور مذمت کا اظہار کیا ہے ۔ وزیراعظم نیتن یاہو کے ترجمان کے مطابق اسرائیلی سلامتی کابینہ کا اجلاس آج ہو گا جس میں جنگ بندی اور فلسطینی قیدیوں کے بدلے یرغمالیوں کی رہائی کیلئے مذاکرات پر غور کیا جائے گا۔یرغمالیوں کی رہائی کیلئے سرگرم گروپ نے آج منگل کو قومی احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔اقوام متحدہ میں لبنان کے امن مشن کی مدت میں توسیع پر ووٹنگ مو خر کر دی گئی ،یہ امن مشن 1978 سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تعینات ہے ۔مشن کی موجودہ مدت اتوار کو ختم ہو رہی ہے ، توقع ہے کہ ہفتے کے آخر تک ووٹنگ ہو گی۔اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے کی لبنانی کوششوں میں تعاون کے لیے تیار ہے ، اور اگر بیروت اس منصوبے پر عملدرآمد کرتا ہے تو اسرائیلی افواج کا مرحلہ وار انخلا بھی ممکن ہے ۔حزب اللہ کے نائب سربراہ نعیم قاسم نے کہا ہے کہ گروپ اپنے ہتھیار نہیں چھوڑے گا کیونکہ یہ ان کی حفاظت کے ضامن ہیں۔لندن میں مشہور سکرین رائٹر پال لاورٹی کو پولیس نے ایک پروفلسطین مظاہرے کے دوران گرفتار کر لیا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ممنوعہ تنظیم کی حمایت کی ہے ، جو برطانیہ میں دہشت گرد قرار دی جا چکی ۔یمنی حوثی باغیوں نے اتوار کو اسرائیلی حملے میں 10 افراد کے جاں بحق اور 92 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے ۔