پاکستان ملائشیا کا تجارت، دفاع میں تعاون پر اتفاق:اعلامیہ

پاکستان ملائشیا کا تجارت، دفاع میں تعاون پر اتفاق:اعلامیہ

پہانگ کی ملکہ نے شہبازکو طرز حکمرانی میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند دی امت اقدار پرعمل کر کے کھویا مقام حاصل کرسکتی:وزیراعظم، وطن واپس پہنچ گئے

کوالالمپور(دنیا نیوز، نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کا دورہ مکمل کر کے وطن واپس پہنچ گئے ، پاکستان اور ملائیشیا کا 21 نکاتی مشترکہ اعلامیہ  بھی جاری کردیا گیا جس میں دو طرفہ تعلقات، تجارت، دفاعی تعاون اور فلسطین کے حق میں یکجہتی کا اظہارکیا گیا، دونوں ممالک نے غزہ میں اسرائیلی بربریت اور فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مذمت، آزاد فلسطینی ریاست کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور افغانستان میں امن و استحکام کے قیام کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا ۔اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ دونوں ممالک نے وزرائے خارجہ کی سطح پر مشترکہ کمیشن کے اجلاس بلانے اور تجارتی و سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئی راہیں کھولنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

،ملائیشیا کی جانب سے پاکستان کے لیے پام آئل کی برآمدات بڑھانے کی خواہش ظاہر کی گئی، جبکہ دونوں ممالک نے پام آئل سپلائی چین کو پائیدار بنانے ، حلال مصنوعات و خدمات کے فروغ، اور حلال سرٹیفکیشن کے عمل کو آسان بنانے پر بھی اتفاق کیا۔اسی طرح دفاعی اشتراک، تعلیم، فنی تربیت، صحت، سیاحت اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے مصنوعی ذہانت (اے آئی )، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن، سائنس و ٹیکنالوجی میں اشتراک کے عزم کا اظہار کیا اور انسدادِ دہشت گردی، ٹیرر فنانسنگ، سائبر کرائمز اور منظم جرائم کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کو ملائیشیا کے دورے کے دوران ملک و قوم کی خدمت میں نمایاں کردار کے اعتراف میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نواز دیا گیا۔بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا (آئی آئی یو ایم) نے کوالالمپور کیمپس میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران وزیراعظم پاکستان کو ‘قیادت اور طرزِ حکمرانی’ کے شعبے میں فلسفے کی اعزازی ڈگری عطا کی۔ ملائیشیا کی ریاست پہانگ کی ملکہ اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی آف ملائیشیا کی آئینی سربراہ تنکو عزیزہ امینہ میمونہ سکندریہ نے شہباز شریف کو اعزازی ڈگری سے نوازا اور اپنے خطاب میں کہا وزیراعظم شہباز شریف نے بصیرت، نظم و ضبط اور ہمدردی سے قوم کی خدمت کی، انہوں نے پنجاب کی قیادت سے لے کر وزارت عظمیٰ تک ثابت کیا کہ حقیقی قیادت طاقت نہیں مقصد سے جڑی ہوتی ہے ۔

انہوں نے پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کے ذریعے ہزاروں طلبہ کیلئے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے ، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت اور طرزحکمرانی میں اعزازی ڈاکٹریٹ عطا کرنا اعزاز ہے ۔وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے خطاب میں کہا قیادت و حکمرانی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کرنا میرے لئے اعزاز ہے ۔ ہمیشہ خلوص نیت اورثابت قدمی کے ساتھ عوام کی خدمت کرتا ہوں۔ مسلم دنیا کی ایک معزز ترین درسگاہ سے منسلک ہونا باعث اعزاز ہے ، درسگاہ علم، ایمان اور اخلاق کو یکجا کر کے اعلیٰ تعلیم کے مقصد کو آگے بڑھا رہی ہے ، خواہش ہے کہ پاکستان اوریونیورسٹی کے درمیان علمی تعاون مزید مضبوط ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی ملائیشیا علم و دانش کا مرکز ہے ، ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے نوجوانوں کو مواقع فراہم کریں، قیادت کوئی امتیاز نہیں بلکہ ایک امانت ہے ، قیادت کو دیانت، اخلاص، عدل اور شفاف احتساب کے ساتھ ادا کرنا لازم ہے ۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ امت مسلمہ کو تنازعات، غربت اور باہمی انتشار سمیت بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے ، پاکستان اور ملائیشیا نوجوان آبادی سے مالا مال ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ اپنے نوجوانوں کو انسانیت کی خدمت کیلئے مواقع فراہم کریں۔دریں اثنا وزیراعظم سے ملائیشین بزنس گروپ گوبی پارٹنرز کے وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت کمپنی کے شریک بانی اور چیئر تھامس سا نے کی، ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم نے کہا پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کی بے پناہ گنجائش موجود ہے ،ایک پائیدار سٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام کے قیام کیلئے بین الاقوامی اور ملکی سرمایہ کو متحرک کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ،شہباز شریف کا 5 سے 7 اکتوبر تک دورہ ملائیشیا اختتام پذیر ہوگیا، وزیر اعظم انور ابراہیم نے ایئر پورٹ پر الوداع کیا، بعد ازاں شہباز شریف وطن واپس پہنچ گئے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں