تاریخی میوزیم، 7منٹ میں 8زیورات چوری، فرانسیسی حیران

تاریخی میوزیم، 7منٹ میں 8زیورات چوری، فرانسیسی حیران

ماسک پہنے چور پُرسکون انداز میں داخل ہوئے ، زیورات کی الماریاں توڑ ڈالیں میوزیم بند کر دیا گیا ،سیاح مایوس،مشتبہ افراد کی تلاش،سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ

پیرس (دنیا مانیٹرنگ) تاریخی لوورے میوزیم میں دن دیہاڑے ہونے والی دلیرانہ واردات نے پورے فرانس کو حیران کر دیا۔ اتوار کی صبح محض سات منٹ میں نامعلوم چور آٹھ نایاب شاہی زیورات چرا کر فرار ہو گئے تھے ۔فرانسیسی وزارتِ ثقافت کے مطابق واقعہ صبح 9 بجکر 30منٹ سے 9 بج کر 37 منٹ کے درمیان پیش آیا، جب میوزیم عوام کیلئے کھولا گیا۔ چار چور دریائے سین کے قریب واقع بالکونی سے ایک گاڑی پر نصب مکینیکل لفٹ کے ذریعے 'گیلری دی اپولو' میں داخل ہوئے ۔دو چور بیٹری سے چلنے والے ڈسک کٹر سے شیشے کاٹ کر اندر داخل ہوئے ، سکیورٹی گارڈز کو دھمکایا اور دو شیشے کی الماریوں سے آٹھ قیمتی زیورات چرا لیے ۔میوزیم کا الارم بجا تو سٹاف نے فوراً سکیورٹی فورسز کو اطلاع دی اور سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ فرانسیسی وزیرِ ثقافت رشیدہ داتی کے مطابق ویڈیو فوٹیج سے پتا چلتا ہے کہ چور ماسک پہنے پُرسکون انداز میں داخل ہوئے ، پیشہ ورانہ مہارت سے کارروائی کی اور دو سکوٹروں پر فرار ہوئے ۔ چار مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے ، اور سی سی ٹی وی فوٹیج کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے ۔واردات کے بعد میوزیم بند کر دیا گیا جس پر سیاح مایوس لوٹنے لگے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں