یورپی یونین کا2027 تک روسی گیس پر انحصار ختم کرنیکا فیصلہ
یورپی توانائی وزرا کا اجلاس،منصوبہ منظور،پائپ لائن ،ایل این جی پر پابندی ہو گی ہنگری اور سلوواکیہ کی مخالفت ،روسی گیس پر اب بھی یورپ کا 13 فیصد انحصار
برسلز،کیف (اے ایف پی) یورپی یونین نے روس سے گیس کی درآمد 2027 کے اختتام تک مکمل طور پر ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ یورپی توانائی وزرا نے لکسمبرگ میں اجلاس کے دوران اس منصوبے کی منظوری دی، جس کے تحت پائپ لائن اور مائع قدرتی گیس دونوں پر پابندی عائد کی جائے گی۔ ڈنمارک کے وزیر توانائی نے اسے یورپ کی توانائی خودمختاری کی جانب اہم قدم قرار دیا۔واضح رہے روسی گیس پر اب بھی یورپ کا 13 فیصد انحصار ہے ، جو سالانہ 15 ارب یورو مالیت تک پہنچتا ہے ۔ ہنگری اور سلوواکیہ نے منصوبے کی مخالفت کی، تاہم پارلیمنٹ کی منظوری کا عمل باقی ہے ۔ادھر روسی علاقے بیلگورود میں یوکرینی حملوں کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کالاس کا کہنا ہے کہ یوکرین پر روس کے خلاف جنگ ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالنا غلط ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روس جارح ہے اور یوکرین متاثرہ ملک، اس لیے متاثرہ ملک پر دباؤ ڈالنا درست نہیں۔ یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب ٹرمپ نے کیف کو زمین چھوڑنے پر مجبور کرنے کی کوشش کی۔