عالمی عدالت:اسرائیلی اعتراض مسترد،نیتن یاہو کے وارنٹ برقرار
اسرائیل کا مغربی کنارے میں 25عمارتیں گرانے کا اعلان ،100 خاندان متاثر ہونگے ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی فوجی گلوکار کی کنسرٹ پر احتجاج،دھواں بم پھینکے ،22 افرادگرفتار
جنیوا،مغربی کنارا،ایمسٹرڈیم(اے ایف پی)عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے غزہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کے خلاف اسرائیل کا اعتراض مسترد کر دیا ۔ عدالت نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآف گیلنٹ کے خلاف جاری گرفتاری وارنٹس بھی برقرار رکھے ہیں۔ 44 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا کہ فلسطینی علاقوں میں 2021 سے جاری تحقیقات قانونی ہیں ۔ اسرائیل نے فیصلے کو سیاسی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج رواں ہفتے 25 رہائشی عمارتیں مسمار کرے گی۔ مقامی حکام کے مطابق یہ کارروائی 18 دسمبر کو کی جائے گی، جس سے تقریباً 100 فلسطینی خاندان متاثر ہوں گے ۔ یاد رہے اسرائیل 1967 سے مغربی کنارے پر قابض ہے ۔دوسری جانب ہالینڈ کی پولیس نے ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی فوج کے چیف کینٹر شائی ابراہم سن کے کنسرٹ کے موقع پر ہونے والے احتجاج کے دوران 22 افراد کو گرفتار کر لیا۔ سینکڑوں مظاہرین نے مشہور کانسرٹ ہال کے باہر جمع ہو کر اس کی شرکت پر اعتراض کیا۔ مظاہرین نے دھواں بم پھینکے ، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا۔