ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو 15سال قید
منی لانڈرنگ 21،اختیارات کے ناجائز استعمال کے 4الزامات میں قصوروار قرار عدالتی کارروائی 7برس جاری رہی ،استغاثہ کے 76گواہوں کے بیانات ریکارڈ
پتراجایا(اے ایف پی)ہائیکورٹ نے ملائیشیا کے سابق وزیراعظم نجیب رزاق کو منی لانڈرنگ کے 21 الزامات میں مجرم قرار دے کر 15سال قید کی سزاسنادی ،جج کولن لارنس سیکیراہ نے اختیارات کے ناجائز استعمال کے 4 مقدمات میں بھی سابق ملائیشین وزیراعظم کو مجرم قرار دیا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ 72 سالہ نجیب رزاق کو اختیارات کے ناجائز استعمال کے چار اور منی لانڈرنگ کے 21 الزامات میں قصوروار پایا گیا۔سابق وزیراعظم نے تقریباً 2.3 ارب ملائیشین رنگٹ جو اس وقت کے سرکاری زرِ مبادلہ کے مطابق تقریباً 569 ملین امریکی ڈالر بنتے ہیں ریاستی فنڈ سے غیر قانونی طور پر حاصل کئے تھے ۔یہ فیصلہ 7 برس تک جاری رہنے والی عدالتی کارروائی کے سامنے آیا ہے اور15سال قید کی سزاسنائی گئی ہے ،اس کیس میں استغاثہ نے 76 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرائے ۔
نجیب رزاق 2022 سے جیل میں ہیں، چند روز قبل عدالت نے سابق وزیراعظم کی یہ درخواست بھی مسترد کر دی تھی کہ باقی سزا ا نہیں گھر پر نظر بندی کی صورت میں پوری کرنے کی اجازت دی جائے ۔ عدالتی فیصلے کے وقت نجیب رزاق کے حامی درجنوں افراد عدالت کے باہر جمع ہو کر ان کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔