شدت پسند تنظیم الشباب کا صومالی لینڈ کیخلاف جنگ کا اعلان

شدت پسند تنظیم الشباب کا صومالی لینڈ کیخلاف جنگ کا اعلان

اسرائیلی فیصلے پر افریقی یونین،صومالیہ کا شدید ردعمل،خودمختاری پر حملہ قرار دیا فی الحال صومالی لینڈ کو تسلیم کرنیکا ارادہ نہیں،معاملے پر غور جاری : صدر ٹرمپ

موغادیشو،واشنگٹن(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ)صومالیہ میں القاعدہ سے منسلک شدت پسند تنظیم الشباب نے اسرائیل کی جانب سے علیحدہ خطے صومالی لینڈ کو تسلیم کیے جانے کے بعد سخت ردعمل دیتے ہوئے کسی بھی اسرائیلی اقدام کے خلاف صومالی لینڈ میں لڑنے کا اعلان کیا ہے ۔ الشباب کا کہنا ہے کہ وہ اسرائیل کو صومالی لینڈ کے کسی بھی حصے پر دعویٰ یا  استعمال کی اجازت نہیں دے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل کا یہ اقدام صومالی علاقوں میں اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش ہے ۔ تنظیم نے شمال مغربی علاقوں کی انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور خبردار کیا کہ ایسی کسی پیش رفت کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ صورتحال سے خطے میں کشیدگی بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اسرائیل نے جمعہ کو صومالی لینڈ کو ایک آزاد اور خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کیا، جس کے بعد صومالیہ اور افریقی یونین نے شدید ردعمل ظاہر کیا۔ صومالیہ نے اس فیصلے کو اپنی خودمختاری پر حملہ قرار دیتے ہوئے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر علیحدگی پسند خطے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا فیصلہ واپس لے ۔ وزیر خارجہ علی عمر نے صومالی لینڈ کو علیحدہ ریاست تسلیم کرنے کو اپنی خودمختاری کے خلاف اور ناقابل برداشت جارحیت قرار دیا۔صومالی وزیرِ خارجہ نے خبردار کیا کہ اسرائیل کے صومالی لینڈ کو تسلیم کرنے کا ایک مقصد غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے عمل کو آگے بڑھانا ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں