ایران :مہنگائی کیخلاف مظاہرے جاری ، مزید 2افراد ہلاک

ایران :مہنگائی کیخلاف مظاہرے جاری ، مزید 2افراد ہلاک

صدر پزشکیان نے فورسز کو مظاہرین کیخلاف کارروائی سے روک دیا عدلیہ نے اسرائیل کیلئے جاسوسی الزام میں ایک شخص کو پھانسی دیدی ٹرمپ ، نیتن یاہو کی دھمکیوں کا بھرپور جواب دینگے :ایرانی فوجی سربراہ

تہران(اے ایف پی)ایران میں مہنگائی کیخلاف مظاہروں کی لہر کے گیارہویں روز مزید 2افراد ہلاک اور 30 زخمی ہو گئے ۔بدھ کو جنوب مغربی شہر لُردرگان میںدکاندار احتجاج کر رہے تھے ،اس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ اور فائرنگ کی۔ ہیومن رائٹس کے مطابق اب تک کم از کم 39 مظاہرین ہلاک ہو چکے ، ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ فسادات میں سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سکیورٹی فورسز کو مظاہرین کیخلاف کارروائی سے روک دیا۔ایران کی عدلیہ نے بدھ کو علی اردستانی کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے جرم میں پھانسی دیدی۔ایران میں گزشتہ سال 1500 افراد کو پھانسی دی گئی،جبکہ اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزامات پر 12 افراد کو سزائے موت دی گئی ۔ ایران کے فوجی سربراہ جنرل امیر حاتمی نے کہاکہ ٹرمپ ، نیتن یاہو کی دھمکیوں کا بھرپور جواب دینگے ، ایران بیرونی طاقتوں کے خطرات برداشت نہیں کرے گا۔ آسٹریلوی حکومت نے اپنے شہریوں کو ایران فوری طور پر چھوڑنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔ ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ایران میں ملک گیر پرتشدد احتجاج جاری ہے اور صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے ۔

 

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں