3گھر ،کار میں سفر:بھارت میں سود پر پیسے دینے والے بھکاری کی دولت سے حکام حیران
اندور(دنیا مانیٹرنگ)بھارت میں بھکاری منگی لال کی دولت نے حکام کو حیران کر دیا،اندور میں بھیک مانگنے والے اس شخص کے پاس تین مکانات، تین رکشے اور ماروتی ڈیزائر کار ہے۔
وہ دن میں بھیک سے ایک سے دو ہزار روپے کماتا اور صرافہ بازار میں سود پر قرضے دے کر چار سے پانچ لاکھ روپے ماہانہ کماتا تھا۔ حکام نے منگی لال کو کوڑھ کے علاج کے لیے آشرم بھیجا ہے ۔شانتا بائی منگی لال کے پڑوس میں رہتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ تین منزلہ عمارت کا مالک منگی لال گزشتہ کئی برسوں سے بھیک مانگ رہا ہے ۔اندور میں بھکاریوں کے لیے بنائے گئے ایک بحالی سنٹر میں کام کرنے والی رُپالی جین کہتی ہیں کہ کوڑھ کے مرض کے سبب منگی لال کی پیروں کی انگلیاں شدید متاثر ہوئی تھیں، جس کے بعد ابتدائی طور پر انہوں نے بھیک مانگنا بند کر دی تھی لیکن پھر دو سال قبل یہ سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا۔وہ کہتی ہیں کہ ان کے ادارے نے حال ہی میں ایسے بہت سے بھکاری دیکھے ہیں جو اپنے پورے خاندان کے ساتھ مل کر بھیک مانگتے تھے اور دن میں تقریباً 20 ہزار بھی کما لیتے تھے ۔