ٹرمپ کا مود ی کو فون ، تجارتی معاہدے کا اعلان
بھارتی مصنوعات پر عائد محصولات کم کرکے 18 فیصد کر رہے :امریکی صدر مودی نے روسی تیل کی خریداری بند کرنے کا وعدہ کیا ہے :ٹرمپ کا دعویٰ
واشنگٹن،نئی دہلی (اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے پیر کو بھارت کے ساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیرِ اعظم مودی نے روسی تیل کی خریداری بند کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ٹرمپ نے بتایا کہ وہ بھارتی مصنوعات پر عائد محصولات25فیصد سے کم کرکے 18 فیصد کر رہے ہیں۔ اس سے قبل امریکا نے بھارت پر 25 فیصد جوابی محصولات عائد کر رکھے تھے ، جبکہ روسی تیل خریدنے پر مزید 25 فیصد اضافی ٹیرف بھی لگایا گیا تھا۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھاوزیر اعظم مودی سے دوستی اور احترام کے تحت، اور ان کی درخواست پر، ہم نے فوری طور پر امریکا اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے پر اتفاق کیا ۔ٹرمپ نے کہا کہ مودی نے روسی تیل کی خریداری بند کرنے ،امریکا اور وینزویلا سے تیل خریدنے پر اتفاق کیا ہے ، جس سے یوکرین میں جنگ کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
صدر ٹرمپ نے مودی کو اپنے عظیم ترین دوستوں میں سے ایک قرار دیا اور کہا کہ تجارت سمیت متعدد امور پر گفتگو ہوئی، جن میں یوکرین پر روسی حملے کے خاتمے کا معاملہ بھی شامل تھا۔ مودی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ سے ان کی ایک خوشگوار ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے ، جس میں تجارتی امور پر بات چیت کی گئی۔ مودی نے امریکی صدر کی جانب سے بھارتی مصنوعات پر ٹیرف کم کرکے 18 فیصد کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ایکس پر جاری بیان میں مودی نے کہا کہ ’’میڈ اِن انڈیا‘‘مصنوعات کے لیے ٹیرف میں کمی خوش آئند ہے ۔ تاہم مودی نے اپنے بیان میں صدر ٹرمپ کے اس دعوے کا ذکر نہیں کیا کہ بھارت امریکی مصنوعات پر ٹیرف صفر کرے گا یا روسی تیل کی خریداری بند کرے گا۔