افغانستان کا کنٹینرز کی کلیئرنس کیلئے تحریری گارنٹی دینے سے انکار
کراچی (رپورٹ :حمزہ گیلانی) افغان حکومت کی جانب سے تجارتی امور میں عدم تعاون کے باعث پاک افغان تجارت شدید بحران کا شکار ہوگئی ہے
جس کے نتیجے میں ازبکستان، ویتنام، ملائیشیا، ترکمانستان، اقوامِ متحدہ سمیت مختلف ممالک کے 13ہزار سے زائد کنٹینرز پاکستان اورافغانستان کی سرحدوں پر پھنسے ہوئے ہیں ۔پاک افغان جوائنٹ چیمبر کے صدر جنید اسمعٰیل مکدا نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغان حکومت نے سرحدوں پرکھڑے ہزاروں تجارتی کنٹینرز کی کلیئرنس کیلئے تحریری گارنٹی دینے سے انکار کر دیا ہے جس سے خطے کی سپلائی چین درہم برہم ہو کر رہ گئی ہے ،ان کے مطابق پاک افغان جوائنٹ چیمبر نے افغان حکام سے رابطہ کیا تھا مگر جواب انتہائی مایوس کن رہا ۔جنید اسمعٰیل کے مطابق افغان حکومت کی اس روش کے باعث سرحدوں پر پھنسے کنٹینرز کو مزید دو ماہ یا اس سے زائد تاخیر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس سے تاجروں، برآمد کنندگان اور بین الاقوامی اداروں کو کروڑوں ڈالرز کے مالی نقصان کا سامنا ہے۔