روس کا یوکرین پر 70 میزائل،450 ڈرون سے حملہ
دارالحکومت میں روسی حملوں سے سوویت دور کی’’مدر لینڈ یادگار‘‘کو نقصان سویڈن اور ڈنمارک کا یوکرین کو جدید فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کا اعلان
کیف ،کوپن ہینگن(اے ایف پی)یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ روس امن مذاکرات کی بجائے مزید حملوں کو ترجیح دے رہا ہے ۔ ماسکو نے منگل کو رات بھر یوکرین پر 70سے زائد میزائلز اور 450 ڈرونز سے حملہ کیا۔ زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ سرد ترین دنوں میں شہریوں کو دہشت زدہ کرنا روس کیلئے سفارتکاری سے زیادہ اہم ہے ۔یوکرین کے ثقافت کی وزیر ٹیتانا نے بتایا کہ دارالحکومت کیف میں روسی حملوں سے سوویت دور کی’’ مدر لینڈ یادگار ‘‘ کو شدید نقصان پہنچایا۔ یہ یادگار دوسری عالمی جنگ کے دوران قربانیوں کی یادگار کے طور پر مشہور ہے ۔یوکرین کے حکام کے مطابق روس نے منگل کو یوکرین کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملے دوبارہ شروع کیے۔
جس کے نتیجے میں کیف کے گیارہ سو سے زائد رہائشی مکانات میں ہیٹنگ بند ہو گئی۔ روس نے شہریوں کیلئے بنیادی زندگی کے وسائل پر حملہ کیا۔سویڈن اور ڈنمارک نے یوکرین کو فضائی حملوں سے بچانے کیلئے جدید ایئر ڈیفنس سسٹمز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے ۔دونوں ممالک یوکرین کیلئے 2اعشاریہ6ارب کرونر مالیت کا فضائی دفاعی نظام خرید رہے ہیں۔ سویڈن 2اعشاریہ 1 ارب جبکہ ڈنمارک باقی رقم فراہم کرے گا۔ اس معاہدے کے تحت یوکرین کو ٹرائیڈون ایم کے ٹو موبائل اینٹی ایئرکرافٹ آرٹلری سسٹم دیا جائے گا۔ یہ نظام کروز میزائل اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے ڈرونز کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔