ایران اور امریکا آج عمان میں مذاکرات کیلئے تیار

ایران اور امریکا آج عمان میں مذاکرات کیلئے تیار

ایران اب مذاکرات کر رہا ہے ، وہ نہیں چاہتے کہ ہم ان پر حملہ کریں:ڈونلڈ ٹرمپ تمام صدور سے زیادہ مذہب کیلئے کام کیا، دعائیہ ناشتے میں خطاب ،بلاول کی شرکت

واشنگٹن ،تہران(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) ایران اور امریکا آج جمعہ کو عمان کے شہر مسقط میں مذاکرات کیلئے تیار ہیں، امریکا ایرانی جوہری پروگرام اور دیگر امور پر سفارتی پیش رفت دیکھنا چاہتا ہے ، تاہم فوجی آپشن کو رد نہیں کیا۔ یہ ملاقات جون میں ایران کے جوہری مقامات پر امریکی حملے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان پہلی براہِ راست ملاقات ہوگی ۔ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ 17 مئی کو نیشنل مال میں ایک دعائیہ ریلی کا انعقاد کریں گے تاکہ امریکی عوام کو خدا کے لئے اپنی عقیدت دوبارہ منسوب کرنے کی ترغیب دی جا سکے ۔ ٹرمپ نے واشنگٹن میں نیشنل پریئر بریک فاسٹ میں خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کسی بھی صدر سے زیادہ مذہب کیلئے کام کیا۔ انہوں نے کہا وہ جنت جانے کے امکانات کے بارے میں اب زیادہ پر امید ہیں ۔ٹرمپ نے کہا ایران اب مذاکرات کر رہا ہے ، وہ نہیں چاہتے کہ ہم ان پر حملہ کریں۔

امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ہمارا ایک بڑا بحری بیڑا ایران کی طرف رواں ہے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی واشنگٹن میں نیشنل پریئر بریک فاسٹ کی تقریب میں شریک ہوئے ۔امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے مطابق صدر ٹرمپ تمام آپشن کھلے رکھیں گے اور سب سے پہلے غیر فوجی حل تلاش کریں گے ۔ مذاکرات کی قیادت ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کریں گے ۔دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات سے ایک دن قبل امریکی خصوصی جنگی جہاز مشرق وسطیٰ پہنچ گیا، بدھ کو امریکی فضائیہ کا تیسرا ای11اے طیارہ یونان کے جزیرے کریٹ پر واقع خانیا انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہوا۔ تقریباً چار گھنٹے بعد یہ سعودی عرب میں پرنس سلطان ایئر بیس پر پہنچا۔دو طیارے پہلے ہی خطے میں پہنچ چکے ہیں۔علاوہ ازیں ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خلیجی پانیوں میں ایندھن سمگلنگ کے الزام میں دو تیل بردار جہاز غیر ملکی عملے سمیت تحویل میں لے لیے ہیں۔ضبط کیے گئے جہازوں کے جھنڈے اور عملے کی قومیت سے متعلق فوری طور پر تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں