بنگلہ دیش:طارق رحمن نے وزیر اعظم کا حلف اٹھا لیا
یہ فتح عوام کی ہے جنہوں نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دیں:نو منتخب وزیر اعظم احسن اقبال کی بنگلہ دیشی وزیر اعظم سے ملاقات، دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت
ڈھاکہ(دنیا مانیٹرنگ) بنگلہ دیش کے نئے وزیرِ اعظم طارق رحمٰن نے منگل کو عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر محمد شہاب الدین نے ان سے حلف لیا۔ کابینہ کے وزرا اور اراکین پارلیمنٹ نے بھی حلف اٹھا یا ۔تقریب میں اعلیٰ سیاسی و عسکری حکام، سفارت کاروں اور چین، بھارت اور پاکستان سمیت مختلف ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔ طارق رحمٰن کی جماعت بی این پی نے گزشتہ ہفتے ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں 212نشستیں حاصل کی تھیں ۔ وہ سابق وزیرِ اعظم خالدہ ضیا اور سابق صدر ضیا الرحمٰن کے صاحبزادے ہیں۔طارق 35 برسوں میں بنگلہ دیش کے پہلے مرد وزیرِ اعظم بنے ہیں۔ اپنے پہلے خطاب میں طارق رحمان نے امن و امان برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کی بدامنی برداشت نہیں کی جائے گی،یہ فتح عوام کی ہے۔
جنہوں نے جمہوریت کیلئے قربانیاں دی ہیں۔بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق حلف برداری کے بعد 11 جماعتی اتحاد کے ارکان کا پارلیمنٹ کمپلیکس میں ڈاکٹر شفیق الرحمٰن کی زیرصدارت اجلاس ہو ا ، جس میں ڈاکٹر شفیق الرحمٰن کو قائدِ حزبِ اختلاف، جماعت اسلامی کے نائب امیر سید عبداللہ محمد طاہر کوڈپٹی لیڈر آف اپوزیشن اور این سی پی کے ناہید اسلام کو چیف وہپ کے عہدوں کیلئے نامزدگیا گیا۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے وزیر اعظم شہباز شریف کی نمائندگی کرتے ہوئے بنگلہ دیش کے نو منتخب وزیر اعظم طارق رحمن سے نئی حکومت کی حلف برداری کی تقریب کے بعد ملاقات کی۔
وزیر منصوبہ بندی نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے نیک تمناؤں اور مبارکباد کا پیغام پہنچایا اور وزیر اعظم طارق رحمن کو پاکستان کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت دی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان باہمی احترام، مشترکہ تاریخ اور ہم آہنگ معاشی مفادات کی بنیاد پر ایک مضبوط اور مستقبل بین شراکت داری کا خواہاں ہے ۔وزیر اعظم طارق رحمن نے پاکستان کی خیرسگالی کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعمیری اور مستقبل پر مبنی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے کلیدی قومی اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے اور مصنوعی ذہانت سمیت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے تعلیم، صحت، ماحولیاتی تبدیلی اور گورننس کے شعبوں میں بہتری لانے پر مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے اقبال اکیڈمی کو ڈھاکہ میں دوبارہ فعال بنانے اور شاعرِ مشرق علامہ اقبال کی 150 ویں سالگرہ آئندہ سال ڈھاکہ میں مشترکہ طور پر منانے کی تجویز پیش کی، تاکہ ان کے پیغامِ خودی، اتحاد اور روحانی جمہوریت کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے ۔وزارتِ منصوبہ بندی و ترقی کی جانب سے ایکس پر جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب نوجوانوں نے احسن اقبال کی گاڑی پر لگا پاکستانی پرچم دیکھا تو انہوں نے بے ساختہ محبت اور خیرسگالی کا اظہار کیا۔