مغربی کنارا:1سال میں 36ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر
اسرائیل آبادکاری پر پابندی لگائے :اقوام متحدہ،غزہ میں بچوں کی امداد معطل لبنان میں اسرائیلی بمباری ،3 فوجی جاں بحق ، بڑے پیمانے پر نقل مکانی جاری
جنیوا،بیروت(اے ایف پی)اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران36ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہوئے ۔ اقوام متحدہ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر مغربی کنارے میں اپنی آبادکاری کی توسیع روک دے ،انسانی حقوق کے دفتر نے کہا کہ فلسطین میں جبری منتقلی کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں ،یہ اقدام اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں مستقل جبری منتقلی کی منظم پالیسی کی نشاندہی کرتے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ میں بچوں کی امداد معطل کر دی،صیہونی حکومت نے الزام لگا یا کہ یونیسیف کی امداد میں تمباکو اور نکوٹین کی سمگلنگ کی جا رہی تھی ، جنوبی لبنان کے علاقے نباتیہ میں اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 3 فوجی جاں بحق اور چار زخمی ہو گئے جبکہ جنوبی علاقوں میں نئی اسرائیلی بمباری کے بعد بڑے پیمانے پر انخلا جاری ہے ۔ لبنانی فوج کے مطابق اسرائیل نے مختلف علاقوں میں شدید حملے کیے اور شہریوں کو علاقے سے نکلنے کی ہدایت کی ہے۔