چینی کمپنی نے پالتوجانوروں کیلئے نیاسٹریمنگ چینل چلادیا

چینی کمپنی نے پالتوجانوروں کیلئے نیاسٹریمنگ چینل چلادیا

اپنی طرز کے پہلے 24گھنٹے چلنے والے پیٹ ٹی وی کی سروس قیمتاً دستیاب

بیجنگ (اے ایف پی)ایک چینی ٹیکنالوجی کمپنی نے پالتو جانوروں کیلئے 24 گھنٹے چلنے والا نیا سٹریمنگ چینل پیٹ ٹی وی(PetTV) متعارف کرا دیا ، جس کے ذریعے بلیاں اور کتے اپنے مالکان کی غیر موجودگی میں مصروف رہ سکیں گے ۔اس چینل میں بطخ کے بچے کے نہانے ، کتوں کے گلیوں میں گھومنے اور دیگر جانوروں سے متعلق ویڈیوز شامل ہیں۔ یہ سروس ٹینسنٹ ویڈیو (Tencent Video)پر دستیاب ہے ، جو چین کا مقبول ترین آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم  سمجھا جاتا ہے ،یہ سروس قیمتاً دستیاب ہوگی۔کمپنی کے مطابق یہ چینل نہ صرف  پالتو جانوروں کو اکیلے پن سے بچانے کیلئے بنایا گیا ہے بلکہ مالکان اور جانور ایک ساتھ بھی اس مواد سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں اوریہ پیارے جانوروں کیلئے 24 گھنٹے خوشی کا مرکز ہوگا۔ایک رپورٹ کے مطابق چین کی شہری پالتو جانوروں کی مارکیٹ 2028 تک 405 ارب یوآن (59 ارب ڈالر)تک پہنچنے کی توقع ہے ، گزشتہ سال چینی گھرانوں نے اوسطاً ہر کتے پر 3 ہزار یوآن سے زیادہ جبکہ ہر بلی پر 2 ہزار یوآن سے زائد خرچ کئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں