بھارت :انتخابی دھاندلی کیخلاف ہنگامے ،عدالتی افسر یر غمال
ووٹر لسٹ میں ہیراپھیری ، جعل سازی، مغربی بنگال کے عوام سڑکوں پر نکل آئے بی جے پی مغربی بنگال ، بہارکا کچھ حصہ لیکر ایک الگ ریاست بناناچاہتی:ممتا بنر جی
کولکتہ(اے پی پی)انتخابی دھاندلی اور مودی کی ملی بھگت سے عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا کیخلاف بھارت میں ہنگامے پھوٹ پڑے ہیں،بی جے پی کی ووٹر لسٹ میں ہیراپھیری، جعل سازی اور منظم دھاندلی کیخلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے ۔ مغربی بنگال میں انتخابات سے قبل بھارتی عوام نے دھاندلی کیلئے مودی کے آلہ کارعدالتی عملے کو بھی گھیرے میں لے لیا۔بھارتی اخبار کے مطابق بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ووٹر لسٹوں پر کشیدگی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے ۔ ضلع مالدہ میں بھارت کے عوام نے دفاتر کا گھیرائو کرکے 7 عدالتی افسروں کو کئی گھنٹوں تک یرغمال رکھا ، مغربی بنگال کے عوام انتخابات سے قبل ووٹر لسٹوں سے نام نکالے جانے کے خلاف شدید احتجاج کر رہے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق مغربی بنگال میں انتخابات سے قبل شدید احتجاج اور توڑ پھوڑ اس بات کا ثبوت ہیں کہ عوام مودی کے اوچھے ہتھکنڈوں کو پہچان چکے ہیں۔مغربی بنگال کی وزیر اعلی ٰاور ترنمول کانگریس کی سربراہی ممتا بنر جی نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریاست کو تقسیم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ،ممتا بنر جی نے ضلع دیناج پورمیں انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ بی جے پی مغربی بنگال اور ریاست بہارکے بعض حصے لیکر ایک الگ ریاست تشکیل دینا چاہتی ہے لیکن وہ ایسا اسی وقت کرسکتی ہے جب وہ مغربی بنگال میں اقتدار میں آئے لہذاہمیں اس مرتبہ بھی اسے ہرانا ہوگا۔