امریکا نے ایرانی پرچم بردار بحری جہاز کو تحویل میں لے لیا
ایرانی جہاز نے ناکہ بندی سے بچنے کی کوشش کی ،میزائل سے نشانہ بناکرروکا گیا یہ جہاز پابندی کی فہرست میں شامل :ٹرمپ ،ایران نے واقعہ کی تصدیق نہیں کی
واشنگٹن(اے ایف پی،آن لائن ،مانیٹرنگ ڈیسک )امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے دوران ایک ایرانی پرچم بردار جہاز کو تحویل میں لے لیا ۔امریکی صدرڈونلڈٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں کہاکہ ایک امریکی ڈسٹرائر جہاز نے عمان کی خلیج میں ایک ایرانی پرچم بردار کارگو جہاز پر فائرنگ کی اور پھر اس پر قبضہ کر لیا، جو امریکی بحری ناکہ بندی سے بچنے کی کوشش کر رہا تھا۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی جہاز نے رکنے کی وارننگز کو نظرانداز کیا، جس کے بعد امریکی گائیڈڈ میزائل ڈسٹرائر نے انجن روم میں سوراخ کر کے فوراً روک دیا،اس وقت جہاز امریکی میرینز کے قبضے میں ہے ۔ٹرمپ کا کہنا ہے کہ یہ جہاز امریکی محکمہ خزانہ کی پابندیوں کی فہرست میں شامل ہے کیونکہ اس کا پہلے بھی غیر قانونی سرگرمیوں کا ریکارڈ ہے اور اب جہاز میں موجود اشیا کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ایران نے تاحال اس واقعہ کی تصدیق نہیں کی ۔