مری:پہلا سکائی گلاس برج،مریم نواز نے منصوبے کی اصولی منظوری دیدی
ملکہ کوہسار کی بحالی کیلئے ماہرین کی ٹیم بنانے کا فیصلہ، ایک ماہ میں گلاس ٹرین منصوبہ شروع کرنے کا ہدف نواز شریف، وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس، کوٹلی ستیاں چیئر لفٹ دیگر منصوبوں کا جائزہ
لاہور (سٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری کے علاقے کوٹلی ستیاں میں صوبے کے پہلے سکائی گلاس برج منصوبے کی اصولی منظوری دے دی۔ منصوبے کا مقصد سیاحت کو فروغ دینا اور مری کو جدید سیاحتی مرکز بنانا ہے ۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں مری تحفظ و بحالی پلان پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں لینڈ سلائیڈنگ کے سدباب کیلئے عالمی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور خصوصی ماہرین کی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے مڈ فلو ڈاؤن ہل ایفیکٹ کے تدارک کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے چٹا موڑ، دریا گلی، بانسرہ گلی، نمل اور جھیکا گلی سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں بحالی اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کا حکم دیا۔اجلاس میں مری میں تین نئے ہاسپی ٹیلٹی زونز کے قیام کی منظوری دی گئی جن میں شوالا، سوزو اور بروری شامل ہیں۔
ان زونز میں نجی شعبے کے اشتراک سے فائیو سٹار معیار کے ہوٹلز تعمیر کیے جائیں گے ۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے مری گلاس ٹرین منصوبے کے تعمیراتی کام کا آغاز ایک ماہ میں کرنے کا ہدف مقرر کیا، جبکہ تین نئے پارکس-انگوری روڈ پارک، ایم آئی ٹی پارک اور اریاڑی پارک-کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔مزید برآں بانسرہ گلی میں زولوجیکل گارڈن، ایکو زون، برج کراسنگ اور جدید کانفرنس روم کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ وائلڈ لائف کے تحفظ کیلئے بیئر ہاؤس اور برڈ ایوری سمیت دیگر سہولیات بھی قائم کی جائیں گی۔چیوڑاہل میں مری کا پہلا گلیمپنگ پوڈ ولیج قائم کرنے اور اس کا انتظام نجی شعبے کے سپرد کرنے کی منظوری دی گئی، جبکہ پیراگلائیڈنگ کلب پراجیکٹ کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں کوٹلی ستیاں چیئر لفٹ، پنجاب ہاؤس اور فارسٹ ریسٹ ہاؤس سمیت دیگر منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے دریائے جہلم سے بلک واٹر سپلائی سکیم کی فزیبلیٹی رپورٹ 30 اپریل تک مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مری اور کوٹلی ستیاں میں رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم کے تحت ہزاروں گھروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے اور خواتین و بچوں کو پانی لانے کی مشقت سے نجات ملی ہے ۔وزیراعلیٰ نے صوبے میں پہلا فیسلیٹی مینجمنٹ یونٹ قائم کرنے کی بھی اصولی منظوری دی، جو سرکاری عمارتوں کی دیکھ بھال، مرمت اور انتظام سنبھالے گا۔