سپر لیگ سلطانوں نے کنگز کو ہرادیا زلمی بھی فاتح

سپر لیگ سلطانوں نے کنگز کو ہرادیا زلمی بھی فاتح

ملتان کیخلاف کراچی کنگز کی ٹیم 209رنز کے تعاقب میں 196رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی،شان مسعود کے 46،جوش کے 44رنز پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا،کپتان بابر اعظم نے ناقابلِ شکست سنچری سکور کی

کراچی(سپورٹس ڈیسک)پی ایس ایل میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 12رنز سے شکست دے دی۔دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 118 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کی ٹیم 209 رنز کے تعاقب میں 196 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ کنگز کی جانب سے ریزا ہنڈرکس 49 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ عباس آفریدی نے 34رنز بنائے ۔سلطانز کی جانب سے عرفات منہاس نے 3 اور پیٹر سڈل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنائے ، شان مسعود 46 اور جوش فلپس 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔کراچی کنگز کی طرف سے خوشدل شاہ نے 3، معین علی نے 2، حسن علی اور ایڈم زمپا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ زلمی کے سامنے کوئٹہ کی ایک نہ چلی۔

پہلے بولرز نے مار کھائی پھر بیٹنگ لائن ناکام ہو گئی۔زلمی کے 256 رنز کے بڑے ہدف کے سامنے کوئٹہ کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 137 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بیون جیکبس نے سب سے زیادہ 34رنز بنائے ۔کپتان سعود شکیل 19، شمائل حسین 21، چندیمل 19 رنز بنا سکے جب کہ رائلی روسو بغیر کھاتہ کھولے صفر پر آؤٹ ہوئے ۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں کپتان بابر اعظم کی ناقابلِ شکست سنچری کے بدولت 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 255رنز سکور کیے ۔زلمی کی جانب سے دیگر بلے بازوں میں کوشل مینڈس 83، فرحان یوسف 19 اور محمد حارث 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ ایرون ہارڈی نے 26 رنز کی ناٹ آؤٹ باری کھیلی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں