روس ،یوکرین میں 3 روزہ جنگ بندی : ٹرمپ کا اعلان
واشنگٹن، کیف، ماسکو(اے ایف پی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس اور یوکرین کے درمیان 3 روزہ جنگ بندی طے پانے کا اعلان کردیا۔۔۔
امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان آج 9، 10 اور 11 مئی کو جنگ بندی رہے گی ۔ اس دوران روس اور یوکرین دونوں ملکوں میں یومِ فتح کی تقریبات ہوں گی ،دونوں ملکوں کے درمیان ایک ایک ہزار قیدیوں کا تبادلہ بھی ہوگا ۔ ٹرمپ کے مطابق اس جنگ بندی کی درخواست انہوں نے کی تھی جس سے پیوٹن اور زیلنسکی دونوں نے اتفاق کیا۔اس سے قبل یوکرینی صدر نے کہا کہ روس کیساتھ آج 9 سے 11 مئی کے دوران جنگ بندی قائم ہونی چاہیے ،کیف کو ماسکو کی جانب سے بڑے قیدیوں کے تبادلے کی منظوری بھی مل گئی ہے ۔ادھر روس نے 9 سے 11 مئی تک جنگ بندی اور یوکرین کے ساتھ بڑے پیمانے پر جنگی قیدیوں کے تبادلے کی تصدیق کر دی۔ یہ اعلان کریملن کی جانب سے اس وقت سامنے آیا جب امریکا اس معاہدے کا پہلے ہی اعلان کر چکا تھا۔