بھارت میں 4سال بعد پٹرول اورڈیزل کی قیمت میں 3روپے فی لٹر اضافہ
نئی دہلی (اے ایف پی ،مانیٹرنگ ڈیسک) مشرقِ وسطیٰ میں جنگ اور عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد بھارت میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3 روپے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا۔۔۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ 4 سال بعد کیا گیا ہے جس سے پٹرول کی قیمت97روپے 77پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت 90روپے 67پیسے فی لٹر ہوگئی۔حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے پٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے اپنے انتخابی اخراجات کی وصولی کیلئے عوام پر بے جا معاشی بوجھ ڈالا ہے ۔بھارت میں دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی قیمتوں میں 4 سال بعد 3 روپے کے اضافے کو مسترد کرتے ہوئے شدید احتجاج کیا اور سڑکوں پر نکل کرحکومت مخالف نعرے لگائے گئے ۔مودی حکومت کا کہنا ہے کہ ایران جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہوگیا تھا تاہم حکومت نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ ملک اس وقت تیل کے بحران کا شکار ہے ۔