اقوام متحدہ اور او آئی سی کی بلوچستان میں ٹرین پر حملے کی مذمت

اقوام متحدہ اور او آئی سی کی بلوچستان میں ٹرین پر حملے کی مذمت

قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس ، پاکستانی عوام ،حکومت کیساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ دہشتگردی کسی بھی شکل یا صورت میں قابل قبول نہیں :سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

نیویارک،جدہ (دنیا نیوز،اے پی پی )اقوام متحدہ اور او آئی سی نے بلوچستان میں ٹرین پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بلوچستان میں ٹرین کو نشانہ بنانے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشتگردی کی سنگین کارروائی قرار دیا ۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس افسوسناک واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا ہے ۔انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار 

بھی کیا۔بیان میں کہا گیا کہ دہشت گردی کسی بھی شکل یا صورت میں قابل قبول نہیں اور ایسے حملوں میں ملوث عناصر کو بے نقاب کر کے قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے ۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اس موقع پر پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں میں اس کے ساتھ کھڑی ہے ۔اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے جنرل سیکرٹریٹ نے کوئٹہ میں ٹرین پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے ،او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندہ سید محمد فواد شیر کی جانب سے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا گیا کہ جنرل سیکرٹریٹ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کی ہر شکل اور مظاہر کو مسترد کرنے کے او آئی سی کے موقف کا اعادہ کیا۔ بیان میں پاکستان کی حکومت،عوام اور جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی۔ اسلامی تعاون تنظیم کے جنرل سیکرٹریٹ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملک کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں