ایران:2مظاہرین کو پھانسی،جاسوسی پرگرفتاریاں ،اثاثے ضبط
مہردادمحمد نیا اور اشکان ملکی پر مسجداور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام تھا 264 ہتھیار، 4 ہزار گولیاں برآمد،187افراد کو گرفتار کرلیا:خوزستان پولیس
تہران (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران مسجد کو آگ لگانے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں دو افراد مہرداد محمدنیا اور اشکان ملکی کو پھانسی دے دی۔ ایرانی عدلیہ کے مطابق دونوں کی سزائے موت کی سپریم کورٹنے بھی توثیق کی تھی۔دوسری جانب ارومیہ میں پاسدارانِ انقلاب نے دو افراد کو اسرائیل کو حساس معلومات فراہم کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ حکام کے مطابق ملزمان سکولوں، مساجد اور بسیج مراکز کی تصاویر اور معلومات اسرائیل کو فراہم کر رہے تھے ۔صوبہ خوزستان میں پولیس نے کارروائی کے دوران 264 ہتھیار اور تقریباً 4 ہزار گولیاں برآمد کرنے کے ساتھ 187 افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ صوبہ مرکزی میں غیر ملکی میڈیا سے رابطوں اور دشمن کی حمایت کے الزام میں 75 افراد کے اثاثے ضبط کر لیے گئے ہیں۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایران میں سزائے موت کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ ناروے میں قائم تنظیم ایران ہیومن رائٹس کے مطابق 2025 میں ایران میں کم از کم 1,639 افراد کو پھانسی دی گئی، جو 1989 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے ۔