مالی:حملوں کا خطرہ،125 سی سی موٹر سائیکلوں پر پابندی
موٹر سائیکلوں کی درآمد، فروخت اور تقسیم پر بھی ملک گیر پابندی لگائی جائیگی شدت پسند موٹر سائیکلوں کو حملوں ،نقل و حرکت کیلئے استعمال کرتے ہیں:حکام
بماکو(اے ایف پی)مالی کی حکومت نے شدت پسندوں کے حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر بڑے شہروں سے باہر 125سی سی موٹر سائیکلوں کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ۔ سرکاری حکم نامے کے مطابق 125 سی سی یا اس سے زائد انجن والی موٹر سائیکلوں کی نقل و حرکت دیہی اور غیر شہری علاقوں میں معطل کر دی گئی ہے ، جبکہ بماکو اور دیگر بڑے شہروں کو اس پابندی سے مستثنٰی رکھا گیا ہے ۔ حکومت نے ایسی موٹر سائیکلوں کی درآمد، فروخت اور تقسیم پر بھی ملک گیر پابندی کا اعلان کیا ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ شدت پسند گروہ انہی موٹر سائیکلوں کو حملوں اور نقل و حرکت کیلئے استعمال کرتے ہیں، جس کے باعث سکیورٹی خطرات میں اضافہ ہوا ہے ۔