آسٹریلیا: 1لاکھ سے زائد دیوہیکل غیرقانونی کاکروچز ضبط
کچھ کا سائزانسانی ہتھیلی جتنا ،مڈغاسکر کے ہسنگ اور ڈوبیا کاکروچز بھی شامل
سڈنی (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) آسٹریلوی حکام نے نیو ساؤتھ ویلز میں ایک کمرشل بریڈر سے ایک لاکھ سے زائد کاکروچ ضبط کئے ہیں جن میں سے کچھ کا سائز انسانی ہتھیلی جتنا ہے ،ان دیو ہیکل کاکروچز کی بلیک مارکیٹ میں مالیت ایک لاکھ 40 ہزار امریکی ڈالر (تقریباً دو لاکھ آسٹریلوی ڈالر)بتائی گئی ہے ،جن میں مڈغاسکر کے مشہور ’’ہِسنگ‘‘ (سیٹی نما آواز نکالنے والے )کاکروچ بھی شامل تھے ، جو خطرے کے وقت مخصوص آواز پیدا کرکے اپنا دفاع کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ \"ڈوبیا\" کاکروچ بھی برآمد ہوئے ، جو ایک حملہ آور نسل سمجھے جاتے ہیں اور عام طور پر پالتو چھپکلیوں کی خوراک کے طور پر پالے جاتے ہیں۔جاری کردہ تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ قبضے میں لیا گیا ایک مڈغاسکر کاکروچ اتنا بڑا تھا کہ تقریباً ایک بالغ انسان کی ہتھیلی کو مکمل طور پر ڈھانپ سکتا تھا۔آسٹریلوی محکمہ ماحولیات کے ترجمان نے بتایا کہ سڈنی کے مغرب میں واقع قصبے باتھرسٹ میں ایک تجارتی افزائش گاہ پر چھاپے کے دوران ایک لاکھ سے زیادہ غیر قانونی کاکروچ برآمد کئے گئے ،ہسنگ اور ڈوبیادونوں اقسام کو آسٹریلیا میں قانونی طور پر درآمد کرنا یا رکھنا، پالنا یا فروخت کرنا ممنوع ہے ۔ حکام کے مطابق یہ اس نوعیت کے حشرات ضبط کرنے کی سب سے بڑی کارروائی ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ یہ کیڑے بیماریاں پھیلا سکتے ہیں اور مقامی جنگلی حیات اور زراعت کو نقصان پہنچا سکتے ہیں،ضبط کئے گئے کاکروچز تلف کر دئیے جائیں گے ۔واضح رہے کہ کاکروچ اپنی غیر معمولی قوتِ برداشت کے باعث مشہور ہیں اور ان کے بارے میں یہ شہری افسانہ بھی عام ہے کہ وہ ایٹمی دھماکے کے بعد بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔