یوکرین نے روس پر سینکڑوں ڈرونز داغ دئیے ،ایک ہلاک

یوکرین نے روس پر سینکڑوں  ڈرونز داغ دئیے ،ایک ہلاک

سینٹ پیٹرزبرگ (اے ایف پی)روسی حکام کے مطابق یوکرین نے ہفتے کی صبح روس پر سینکڑوں ڈرونز سے بڑا حملہ کیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوا جبکہ ایک آئل ڈپو میں آگ بھڑک اٹھی۔

یہ حملہ سینٹ پیٹرزبرگ میں جاری اہم اقتصادی فورم کے آخری دن کیا گیا۔روسی وزارت دفاع نے کہا کہ مجموعی طور پر 376 ڈرونز کو مختلف علاقوں میں مار گرایا گیا، جن میں بیلگوروڈ، بریانسک، کالوگا، کرسک، لینن گراڈ، نووگوروڈ، اوریول، پسکوف، روستوف، ریازان، اسمولینسک، ٹیور، تولا، ماسکو ریجن، کریمیا اور بحیرہ آزوف و بحیرہ اسود کے علاقے شامل ہیں۔ صرف لینن گراڈ ریجن میں 140 سے زائد ڈرونز تباہ کئے گئے ، جو سینٹ پیٹرزبرگ کے گرد واقع ہے ۔ شہر کے گورنر الیگزینڈر بیگلوف نے شہریوں کو حملے کے دوران گھروں میں رہنے کی ہدایت کی، تاہم بعد میں کہا کہ فضائی دفاعی نظام نے بڑے نقصان کو روک لیا۔

حملے کے نتیجے میں جنوبی شہر اُست لابنسک میں ایک آئل ڈپو میں آگ لگ گئی جبکہ مغربی علاقے ٹیور میں ڈرون کے ملبے سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے ان حملوں کو روسی جارحیت کا ’’منصفانہ جواب‘‘قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے خاتمے کا وقت آ چکا ہے تاہم روسی قیادت جنگ جاری رکھنا چاہتی ہے ۔انہوں نے ایکس پر کہا کہ یوکرین پر ہونے والی ہر زیادتی کا منصفانہ جواب دیا جائے گا جبکہ ماسکو اور کیف کے درمیان امن مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں