ایران افزودہ یورینیم ذخائر ظاہرکرے :آئی اے ای اے بورڈ

ایران افزودہ یورینیم ذخائر ظاہرکرے :آئی اے ای اے بورڈ

ویانا(رائٹرز)اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی(آٓئی اے ای اے )کے 35 رکنی بورڈ نے گزشتہ روز ایک امریکی حمایت یافتہ قرارداد منظور کی ہے ۔۔۔۔

جس میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے افزودہ یورینیم کے باقی ذخائر کی تفصیلات فراہم کرے اور معائنہ کاروں کو ان کی تصدیق کی اجازت دے ۔یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا اور دونوں ممالک کے درمیان فوجی کارروائیوں کا تبادلہ بھی ہوا۔آئی اے ای اے کے مطابق قرارداد کا مقصد ایران کے جوہری مواد کی مکمل نگرانی اور تصدیق کو یقینی بنانا ہے ، جس سے امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات مزید پیچیدہ ہو سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق یہ قرارداد امریکا، برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی جانب سے پیش کی گئی، جس کے حق میں 21 ووٹ آئے ، 3 مخالفت میں جبکہ 10 ممالک نے غیر جانبداری اختیار کی۔ مخالفت کرنے والوں میں روس، چین اور نائیجر شامل تھے ۔ایران نے اس قرارداد کو امریکی حملوں کی پردہ پوشی قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل دیا ہے ۔ تہران کے مطابق معائنہ کاروں کو پہلے ان مقامات تک رسائی حاصل تھی جن پر بعد میں حملے کئے گئے ، لیکن اب صورتحال تبدیل ہو چکی ہے ۔ایران کے نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ مغربی ممالک ایران کے خلاف اقدامات کو قانونی شکل دینے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ایران نے بورڈ کو ’’احتیاط‘‘برتنے کا مشورہ دیا ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں