روس نے 522 یوکرینی فوجیوں کی لاشیں واپس کردیں
یوکرین کا ماسکو پر بڑا ڈرون حملہ،دارالحکومت میں آگ بھڑک اٹھی
کیف ،اسکو(اے ایف پی)روس نے 522 افراد کی باقیات یوکرین کے حوالے کر دی ہیں، جنہیں یوکرینی فوجیوں کی لاشیں قرار دیا گیا ہے ۔ یوکرین کے جنگی قیدیوں کے امور کے مرکز کے مطابق لاشیں وصول کر لی گئی ہیں۔ روسی حکام نے بھی تبادلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بدلے میں انہیں اپنے 33 فوجیوں کی لاشیں موصول ہوئیں۔دوسری جانب یوکرین نے جنگ کے دوران ماسکو پر اب تک کا سب سے بڑا ڈرون حملہ کیا ہے جس کے باعث دارالحکومت اور اطراف میں آگ بھڑک اٹھی، بڑے ہوائی اڈے سے مسافروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، روسی حکام کے مطابق درجنوں ڈرونز شہر کی طرف آئے جن میں سے متعدد کو فضائی دفاعی نظام نے تباہ کیا۔ ماسکو کے میئر سرگئی سوبیانن نے کہا کہ کچھ ڈرون آئل ریفائنری تک پہنچے جہاں آگ لگنے کی اطلاعات ہیں جبکہ ایک ڈرون رہائشی عمارت سے ٹکرا گیا ۔