امریکا کے آئندہ جنگی آپریشنز کے لئے فنڈ ز ختم ہونے کا خطرہ
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی دفاعی محکمہ کانگریس سے تقریباً 80ارب ڈالر کی اضافی فنڈنگ کی درخواست کرنے جا رہا ہے تاکہ ایران کے ساتھ جنگ اور دیگر عسکری اخراجات پورے کئے جا سکیں۔۔
وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق نائب وزیر دفاع سٹیفن فائن برگ نے اس ہفتے قانون سازوں کو اس مجوزہ درخواست سے آگاہ کیا۔ امریکی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ اگر کانگریس نے نیا جنگی بجٹ منظور نہ کیا تو آنے والے مہینوں میں آپریشنز کیلئے فنڈز ختم ہونے کا خطرہ ہے ۔بتایا گیا ہے کہ اس صورت میں فوج کو تربیتی سرگرمیوں اور میکسیکو سرحد پر تعیناتی میں کمی کرنا پڑ سکتی ہے ، جہاں صدر ڈونلڈ ٹرمپ امیگریشن کنٹرول سخت کرنے کی مہم چلا رہے ہیں۔پینٹاگون کے مطابق ایران کے ساتھ جنگ پر اب تک اخراجات تقریباً 29 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اصل لاگت اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے ۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس جنگ کے باعث امریکی اسلحہ ذخائر پر دباؤ بڑھ رہا ہے ، جس کے بعد بعض عہدیداروں نے تائیوان کو ہتھیاروں کی فروخت عارضی طور پر روکنے کی سفارش بھی کی۔امریکی دفاعی سیکرٹری نے اس تاثر کو مسترد کیا ہے کہ ملک میں اسلحے کی کمی کا بحران پیدا ہو چکا ہے ،اگر یہ 80 ارب ڈالر منظور ہو جاتے ہیں تو اس کا بڑا حصہ گولہ بارود، فوجی تنخواہوں اور بحری آپریشنز پر خرچ کیا جائے گا۔کئی امریکی قانون سازوں نے کہا ہے کہ وہ اضافی جنگی فنڈنگ کی حمایت نہیں کریں گے جب تک کانگریس سے باقاعدہ منظوری نہ لی جائے ۔