نئی دہلی:ہزاروں جین زی مظاہرین کا پارلیمنٹ کی طرف مارچ،لاٹھی چارج
بھارتی دارالحکومت میں انٹر نیٹ معطل،5 برسوں میں سب سے بڑا مظاہرہ ، کاکروچ پارٹی مودی کیلئے وبال جان، استعفے کا مطالبہ امتحانی پیپر لیک ہونے سے 20 طلبہ کی خود کشی ، سماجی رہنما سونم وانگ چک کی 20روز سے بھوک ہڑتال ، زبردستی ہسپتال منتقل
نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں )بھارت میں ہزاروں ’جین زی ‘مظاہرین نے دارالحکومت دہلی کی سڑکوں پر نکل کر ملک کے وزیر تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کیا۔ امتحانی بے ضابطگیوں اور پرچوں کے افشا کے خلاف پارلیمنٹ کی طرف مارچ کرنے والے طلبہ اور مظاہرین پر پولیس نے شدید لاٹھی چارج کیا اور آنسو گیس کے شیل داغے ۔پیر کے روز بارش اور پولیس کی رکاوٹوں کی پروا نہ کرتے ہوئے ہزاروں نوجوان اور طلبہ ’جنتر منتر‘ پر جمع ہوئے ، جسے گزشتہ پانچ سالوں میں دارالحکومت کا سب سے بڑا مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے ۔ پولیس کے اچانک ایکشن کے بعد مظاہرین میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ پناہ کی تلاش میں بھاگتے نظر آئے ۔یہ احتجاج نامور سماجی رہنما سونم وانگ چک کو 20 دن کی بھوک ہڑتال کے بعد زبردستی ہسپتال منتقل کیے جانے کے فوراً بعد شدت اختیار کر گیا۔ وہ نوجوانوں اور تحریک ’کاکروچ جنتا پارٹی‘کی حمایت میں بھوک ہڑتال پر تھے ۔مئی میں قائم ہونے والی کاکروچ جنتا پارٹی نے تعلیمی نظام میں خرابیوں اور بیروزگاری کے خلاف سوشل میڈیا پر لاکھوں کارکن بنا لئے ہیں اور اسے 2024ء میں تیسری بار اقتدار میں آنے والے وزیراعظم مودی کیلئے ایک بڑا سیاسی چیلنج سمجھا جا رہا ہے ۔مظاہروں کے باعث نئی دہلی کے مرکزی علاقوں میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی گئی ۔ بھارت میں میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ’نیٹ‘(NEET) امتحان 3 مئی کو ہوا، جس میں تقریباً 22اعشاریہ 8 لاکھ امیدواروں نے شرکت کی۔ تاہم پیپر لیک ہونے کے الزامات کی وجہ سے امتحان منسوخ کر دیا گیا، شدید ذہنی دباؤ کی وجہ سے مبینہ طور پر 20 سے زائد طلبہ نے خودکشی کر لی۔ تحریک کا مطالبہ ہے کہ تعلیمی نظام میں شفافیت لائی جائے ، پرچے لیک ہونے کی جوابدہی طے کی جائے اور مرکزی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان استعفیٰ دیں۔ سونم وانگچک کو زبردستی ہسپتال منتقل کیے جانے اور کارروائی کے بعد سی جے پی کے بانی ابھجیت دیپکے نے وزیراعظم نریندر مودی سے بھی استعفے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments