کینیڈین وزیر خارجہ کی شہباز شریف فیلڈ مارشل، ڈار اور نقوی سے ملاقاتیں : پاکستان، کینیڈا کا تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

کینیڈین وزیر خارجہ کی شہباز شریف فیلڈ مارشل، ڈار اور نقوی سے ملاقاتیں : پاکستان، کینیڈا کا تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق

کینولا کی درآمد سے متعلق معاہدے پر دستخط،ساڑھے 4 کروڑ ڈالرکے 3 ترقیاتی منصوبوں کا اعلان ، غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ ،سائبر کرائمز کی روک تھام پر گفتگو کینیڈین ہم منصب سے جلد ملاقات کے منتظر:وزیراعظم،سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کوششیں ناگزیر:عاصم منیر،معاہدہ کینیڈین سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھائے گا:انیتا آنند

اسلام آباد(نامہ نگار،وقائع نگار ، مانیٹرنگ ڈیسک)کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم شہباز شریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیر ، وزیرخارجہ اسحاق ڈار اور وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقاتیں کیں، اس موقع پر پاکستان اور کینیڈا نے تجارت، سرمایہ کاری، سکیورٹی اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم کیساتھ خوشگوار ماحول میں ہونے والی ملاقات میں شہبازشریف نے کینیڈین وزیر خارجہ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات قائم ہیں جنہیں خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری، زراعت بشمول ایگری فوڈز اور ویکسین کی تیاری، قابل تجدید توانائی، آٹو موبائل اور آٹو پارٹس کی صنعت کے شعبوں میں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا وہ کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی سے جلد ملاقات کے منتظر ہیں، انہوں نے اور خطے میں امن کی کوششوں کیلئے پاکستان کی حمایت کرنے پر کینیڈا کا شکریہ ادا کیا۔

کینیڈین وزیر خارجہ نے زراعت، معدنیات، توانائی کے علاوہ آٹو اور آٹو پارٹس کی صنعت کے شعبوں میں تجارت اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی اپنی حکومت کی دلی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا فارن انویسٹمنٹ پروموشن اینڈ پروٹیکشن ایگریمنٹ پاکستان میں کینیڈین سرمایہ کاروں کے اعتماد کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے اہم ثابت ہوگا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے ۔دونوں رہنماؤں نے تجارت اور معدنیات کے شعبوں میں وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا ،تاکہ باہمی فائدے کے مواقع تلاش کیے جا سکیں اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے امکانات کو مزید فروغ دیا جا سکے ۔ملاقات کے بعد وزیر اعظم نے کینیڈا سے پاکستان کو کینولا کی درآمد کے حوالے سے فائٹو سینیٹری ضوابط کے پروٹوکول پر دستخط کی تقریب کا مشاہدہ کیا۔ اس پروٹوکول پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے دستخط کیے۔

کینیڈین وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور پاکستان و کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے باہمی تعاون اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔ انیتا آنند نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلسل کوششوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاکستان کے تعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔ ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاعی و سکیورٹی شعبوں میں تعاون اور روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

قبل ازیں کینیڈین وزیر خارجہ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی ، وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے ۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری تعاون اور مشترکہ اعلامیے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کیلئے سالانہ بنیادوں پر اعلیٰ سطح اجلاس منعقد کیے جائیں گے ، تاکہ طے شدہ اہداف پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انیتا آنند نے اعلان کیا کہ کینیڈا پاکستان کیلئے ساڑھے 4 کروڑ ڈالر مالیت کے 3نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرے گا، جن کا مقصد پائیدار ترقی، موسمیاتی لچک اور مقامی کمیونٹیز کی بہتری کو فروغ دینا ہے ۔مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈارنے کہا صلاحیت سازی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔انیتا آنند نے کہا تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان کینیڈا کی تجارتی تنوع کی حکمت عملی میں اہم شراکت دار ہے۔

پاکستان کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق ہوا، مشرق وسطٰی میں پائیدار امن کیلئے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابل ستائش ہیں، علاقائی کشیدگی کے حل کیلئے مکالمے اور سفارت کاری کی حمایت کرتے ہیں،تمام فریقن کو تحمل، بردباری اور شہریوں کے تحفظ کو ترجیح دینی چاہیے ۔انہوں نے کہا کینیڈا اور پاکستان کے درمیان سرمایہ کاری کے تحفظ کے نئے معاہدے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔انہوں نے اعلان کیا کہ کینیڈا پاکستان کیلئے 22 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کے نئے سکیورٹی اقدامات متعارف کرا رہا ہے ، جن پر انٹرپول، اقوام متحدہ اور دیگر شراکت دار اداروں کے ساتھ مل کر عملدرآمد کیا جائے گا۔انیتا آنند نے وزارت داخلہ کا بھی دورہ کیا جہاں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تفصیلی ملاقات ہوئی، اس دوران پاک کینیڈا تعلقات، تجارت، سکیورٹی اور باہمی روابط بڑھانے سمیت خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر غیر قانونی امیگریشن، انسانی سمگلنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کیلئے مشترکہ اقدامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کیلئے ٹریننگ و ایکس چینج پروگرامز شروع کرنے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ دونوں وزرا نے دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور فعال بنانے کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو ) پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا۔محسن نقوی نے کہا پاکستان کینیڈا کے ساتھ تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے ۔وزیر مملکت طلال چودھری نے کہا کہ کینیڈا کے ساتھ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے معاہدے سے دوطرفہ تعلقات کو نئی جلا ملے گی۔کینیڈین وزیر خارجہ انیتا آنند نے پاکستان کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینیڈا پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے اور اس باہمی تعاون کو مزید منظم کرنے کیلئے ایک جامع فریم ورک مرتب کیا جانا چاہیے۔

بعد ازاں کینیڈین وزیرخارجہ کی پاکستان میں ملاقاتوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں دوطرفہ روابط میں نئی پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کے فروغ کے ذریعے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا،وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انیتا آنند کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ تھا۔ مشترکہ اعلامیہ میں دونوں ممالک نے اقتصادی، تعلیمی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ ، پائیدار جنگ بندی کی ضرورت اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت کیے گئے وعدوں پر عملدرآمد کی اہمیت پر زور دیا۔پاکستان کینیڈا مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کو دوبارہ فعال کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پاکستان اور کینیڈا نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے تحفظ و فروغ کے معاہدے (ایف آئی پی اے ) پر ہونے والی پیش رفت کا خیرمقدم کیا اور مذاکرات جلد مکمل کرنے کیلئے باقاعدہ رابطے جاری رکھنے پر زور دیا۔ اس امر کا بھی خیرمقدم کیا گیا کہ کینیڈین کمپنی جے سی ایم پاور کی 240 میگاواٹ دھابیجی ہائبرڈ ونڈ سولر منصوبے کیلئے کامیاب بولی، جو کے الیکٹرک کے اشتراک سے ہے ، کو تمام ضروری ریگولیٹری منظوری حاصل ہو چکی ہے ۔ یہ اہم سرمایہ کاری پاکستان میں قابلِ تجدید توانائی کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔اس کے علاوہ زرعی خوراک کی ویلیو چین، زرعی ٹیکنالوجی، غذائی تحفظ، حفظانِ صحت اور نباتاتی صحت کے معیارات و ضوابط پر تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...