تیل قیمتوں کا نیا نظام منظور : پٹرول ایک دن کیلئے 35 پیسے سستا، ڈیزل 5.71 روپے لٹر مہنگا
پٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے ،ڈیزل کی 360 روپے 6 پیسے لٹر مقرر ، نفاذ آج تک ہوگا،اوگرا کا نوٹیفکیشن جاری اوگرا کو نئے نظام پر فوری عملدرآمد کا حکم،ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری ، وزیراعظم کی پیشگی منظوری درکار نہیں ہوگی
اسلام آباد(نامہ نگار، مانیٹرنگ ڈیسک،نیوز ایجنسیاں )اوگرا نے پٹرول 35 پیسے لٹر سستا اور ڈیزل 5 روپے 71 پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا ۔ 35 پیسے کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 315 روپے 80 پیسے لٹر ہو گئی جبکہ 5 روپے 71 پیسے مہنگا ہونے کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 360 روپے 6 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی، نئی قیمت کا تعین آج تک کے لیے کیا گیا ہے ،اوگرا نے نئی قیمتوں کا نوٹی فکشن جاری کردیا۔
علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے پٹرولیم مصنوعات کی روزانہ قیمتوں کے تعین کا نیا نظام منظور کر لیا ، کابینہ نے اوگرا کو اس نئے روزانہ کے پرائسنگ نظام پر بلا تاخیر فوری عمل درآمد یقینی بنانے کے احکامات جاری کرد ئیے ،نئے نظام کے تحت پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں حکومتی دباؤ کے بجائے براہِ راست عالمی منڈی کے اتار چڑھاؤ کے مطابق طے ہوں گی، اوگرا اب پٹرول اور ڈیزل کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ جاری کرے گی۔
قیمتوں کے اعلان کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت کی پیشگی منظوری درکار نہیں ہوگی ، اوگرا بغیر منظوری قیمتوں کا اعلان کرے گی ،پٹرولیم لیوی کابینہ کی مقررہ حد سے زیادہ عائد نہیں کی جا سکے گی ،مالی سال 2027 میں ہائی سپیڈ ڈیزل کی درآمد صرف پی ایس او کے ذریعے ہوگی جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو مارکیٹ شیئر کے مطابق پٹرول درآمد کی اجازت ہوگی، اسی طرح مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل کی قیمتیں بھی روزانہ مقرر کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments