ٹرمپ کا غزہ امن منصوبہ ،اسرائیل کے تحفظات،حماس کی شرائط

ٹرمپ کا غزہ امن منصوبہ ،اسرائیل کے تحفظات،حماس کی شرائط

ہتھیار اسرائیل کو نہیں ، غزہ کی نئی سول انتظامیہ کے حوالے کرینگے ، پہلے حملے روکیں،فوجیں واپس بلائیں، امداد بڑھائیں:حماس ہتھیاروں کی موجودگی تک پیچھے ہٹنے کا سوال ہی نہیں:اسرائیلی حکام،امن کا بہترین موقع:امریکی صدر،فریقین عمل کریں:گوتریس

کیمپ ڈیوڈ ، قاہرہ(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غزہ میں جنگ بندی اور حماس سے  متعلق 15 نکاتی امن منصوبے کو مشرقِ وسطیٰ میں ایک "بڑی پیشرفت" قرار دیا ہے ، تاہم دوسری جانب حماس اور اسرائیل دونوں کے نمائندوں نے اس کی فوری عمل درآمد پر شدید تحفظات ظاہر کیے ہیں۔صدر ٹرمپ کے مطابق "بورڈ آف پیس" کا تیار کردہ یہ روڈ میپ غزہ جنگ کے خاتمے کی سمت ایک اہم سنگ میل ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسرائیل اس پیشرفت سے خوش ہے اور یہ خطے میں امن قائم کرنے کا بہترین موقع ہے ۔ تاہم، زمینی اور سیاسی حقائق بتاتے ہیں کہ دونوں فریقین اب بھی ایک دوسرے سے پہل کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔حماس کا مو قف ہے کہ پہلے اسرائیل حملے اور انخلا روکے ، حماس کے سینئر مذاکرات کار غازی حمد کے مطابق حماس ایک "مشکل اور دردناک" فریم ورک پر اتفاق کے لیے تیار ہے ، لیکن معاہدے کا مکمل انحصار اس بات پر ہے کہ اسرائیل گزشتہ شرم الشیخ معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔اسرائیل کو سب سے پہلے غزہ میں بمباری، ٹارگٹڈ حملے اور عام شہریوں کا قتل عام روکنا ہو گا۔

اسرائیلی افواج کو ان تمام علاقوں سے واپس بلانا ہو گا جہاں وہ گزشتہ سال اکتوبر کے دوران موجود تھیں اور غزہ میں انسانی امداد کی ترسیل میں فوری اضافہ کرنا ہو گا۔ہتھیاروں کی حوالگی صرف اس صورت میں ممکن ہو گی جب اسرائیل ان تمام شرائط پر عمل کرے ، اور ہتھیار اسرائیل کو نہیں بلکہ غزہ کی سول انتظامیہ کی نئی باڈی (NCAG) کی تحویل میں دیے جائیں گے ۔دوسری جانب اسرائیلی حکومت اور فوج نے اپنے سخت موقف کا اعادہ کیا ہے ، اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک حماس کے پاس ہتھیار موجود ہیں، اسرائیلی دفاعی افواج (IDF) کی متعین کردہ "یلو لائن" سے پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو نے تاحال اس منصوبے پر باضابطہ طور پر کوئی عوامی بیان جاری نہیں کیا۔تاہم، ان کی کابینہ کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر اتامار بن گویر نے ڈرافٹ کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حماس کی قیادت کے خلاف کارروائیاں اور قتل کی پالیسی جاری رکھنے پر زور دیا ہے ۔

اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تمام فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ بغیر کسی حیل و حجت اور شک و شبے کے اس روڈ میپ پر فوری عمل درآمد کریں۔غزہ کے بے گھر فلسطینی اس اعلان کو شک کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ خیمہ گاہوں میں موجود متاثرین کا کہنا ہے کہ جب تک امریکا اسرائیل کو حملے روکنے اور فوجیں واپس بلانے پر مجبور نہیں کرتا، تب تک زمینی سطح پر ان کیلئے کچھ نہیں بدلے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...