مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کا فرانسیسی صحافیوں پر حملہ

مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کا فرانسیسی صحافیوں پر حملہ

گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے ، ٹائر پنکچر ،صحافی کو ڈنڈے سے چہرے پر مارا،5زخمی مشرقی یروشلم میں اسرائیل نے اقوام متحدہ کا تربیتی مرکز خالی کرانا شروع کردیا

جناتا،غزہ(اے ایف پی)مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جناتا میں اسرائیلی آبادکاروں نے فرانسیسی صحافیوں پر حملہ کردیا، کم از کم 5 افراد زخمی ہوگئے ۔ جھگڑا شروع ہونے کے بعد اسرائیلی فوج نے صحافیوں کو علاقے سے نکلنے کا حکم دیا، جس کے دوران آبادکاروں نے پتھراؤ کیا اور ایک صحافی کو ڈنڈے سے چہرے پر مارا۔ حملے کے بعد صحافیوں کی دونوں گاڑیوں کے شیشے توڑ دئیے اور ٹائر پنکچر کردئیے گئے ۔ مشرقی یروشلم میں اسرائیلی فورسز نے اقوام متحدہ کے ادارے اونروا کے زیر انتظام پیشہ ورانہ تربیتی مرکز خالی کرانا شروع کردیا۔ فلسطین کے معروف مصور اور مجسمہ ساز سلیمان منصور 79 برس کی عمر میں انتقال کرگئے ۔ سلیمان منصور کے فن پاروں میں فلسطینی روایات اور اسرائیلی قبضے کے دوران عوام کو درپیش مشکلات کی عکاسی نمایاں تھی۔اسرائیلی رکن پارلیمنٹ زوی سوکوٹ نے مغربی کنارے کے فلسطینی گاؤں مادما میں فوجی محافظوں کی موجودگی میں ہتھوڑے سے فلسطینی یادگار توڑ دی۔ اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے جنوبی شام کا دورہ کرتے ہوئے سکیورٹی خطرات برقرار رہنے تک علاقے میں فوج رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔ کاٹز نے کہا کہ اسرائیلی فوج شام میں خطرات کا سدباب، سابق حکومت کے بچے کھچے عناصر کا خاتمہ اور نئی حکومت کے خطرناک استحکام کو روکنے کیلئے کارروائیاں کررہی ہے ۔ اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر نے حماس کے خاتمے اور غیرمسلح کرنے کا ہدف جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ غزہ کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ اسرائیل تمام ضروری ذرائع استعمال کرتے ہوئے حماس اور اس کی قیادت کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گا۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...