نیٹوملک پر حملے کا خدشہ،سربراہ سی آئی اے کی ماسکو جاکروارننگ

نیٹوملک پر حملے کا خدشہ،سربراہ سی آئی اے کی ماسکو جاکروارننگ

ریٹکلف نے ایران جنگ پر بھی بات کی،ہرمز نہ کھلنے پر مزید پابندیوں کی دھمکی

واشنگٹن(اے ایف پی )امریکی میڈیا نے بتایا کہ امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف نے اس ہفتے ماسکو کا ایک غیر معمولی دورہ کیا، جس کا مقصد روس کو نیٹو کے رکن ممالک پر کسی بھی حملے سے خبردار کرنا تھا۔ یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریٹکلف کے دورے کی اہمیت کو کم ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے ۔وال سٹریٹ جرنل اور سی بی ایس نیوز کے مطابق ریٹکلف نے روسی حکام کو نیٹو ممالک پر حملے سے باز رہنے کی تلقین کی۔ امریکی انٹیلی جنس جائزوں میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ماسکو مستقبل میں نیٹو کے عزم اور اتحاد کو آزمانے کی کوشش کر سکتا ہے ۔وال سٹریٹ جرنل کے مطابق خدشہ ہے کہ پیوٹن آئندہ چند برسوں میں ’’محدود حملے ‘‘ کے ذریعے نیٹو کی آزمائش کر سکتے ہیں۔وائٹ ہاؤس نے اس معاملے پر تبصرے کے لیے بھیجی گئی متعدد درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔ تاہم ٹرمپ نے کہا کہ ریٹکلف کا منگل کو ماسکو کا دورہ معمول کی نوعیت کا تھا، انہوں نے کہا میں لوگوں کو مایوس کرنا پسند نہیں کرتا، ہم چاہتے ہیں کہ یوکرین کی جنگ ختم ہو۔سی بی ایس نیوز نے معاملے سے واقف متعدد افراد کے حوالے سے بتایا کہ ریٹکلف نے اپنے دورے میں ایران کی جنگ پر بھی بات کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آبنائے ہرمز کو بحری جہازوں کی آمدورفت کے لیے دوبارہ نہ کھولا گیا تو مزید پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔کریملن نے بدھ کو تصدیق کی کہ ریٹکلف نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی خفیہ اداروں کے حکام سے رابطے کیے ، تاہم ان کی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات نہیں ہوئی۔کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہاخفیہ اداروں کے ذریعے رابطے بذاتِ خود ایک مثبت پیش رفت ہیں۔ تاہم یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ ان رابطوں سے ہمارے تعلقات کے بحران کے حل کے عمل پر کیا اثر پڑے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...