روسی فوج کا لیفٹیننٹ کرنل کار بم دھماکے میں ہلاک؛ اہلیہ بچ گئی
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک)روس کے شہر سینٹ پیٹرزبرگ میں گاڑی میں ہونے والے دھماکے میں روسی فوجی افسرہلاک جبکہ ان کی اہلیہ زخمی ہوگئیں۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق روسی فوج کے افسر اپنی اہلیہ کے ہمراہ گاڑی میں موجود تھے جب اچانک دھماکا ہوگیا۔یہ پُراسرار دھماکا اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ فوجی افسر موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تاہم اہلیہ کو چوٹیں آئیں جن کا ہسپتال میں علاج جاری ہے ۔روس کے دوسرے بڑے شہر سینٹ پیٹرزبرگ کے آن لائن اخبار فونتانکا نے ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت لیفٹیننٹ کرنل کے طور پر کی ہے ۔ روس کی تحقیقاتی کمیٹی نے واقعے کے بعد فوجداری مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔کمیٹی کے مطابق گاڑی میں آگ لگنے کے واقعے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا، تاہم حکام نے تاحال ہلاک ہونے والے شخص کی فوجی حیثیت کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔روسی ٹیلی گرام چینل ماش نے بھی ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو فوجی اہلکار اور اس کی اہلیہ قرار دیا ہے ۔خیال رہے کہ روس ماضی میں اپنے اعلیٰ فوجی افسران اور یوکرین جنگ سے وابستہ افراد کے خلاف ہونے والے بعض قاتلانہ حملوں کا الزام یوکرین پر عائد کرتا رہا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments