ٹرمپ چینی صدر کا ایئرپورٹ پر خود استقبال کریں گے
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ آئندہ ہفتے واشنگٹن پہنچنے پر چینی صدر شی جن پنگ کا ذاتی طور پر ایئرپورٹ پر استقبال کریں گے ۔ ایک امریکی عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ٹرمپ بدھ کو جوائنٹ بیس اینڈریوز میں شی جن پنگ کی استقبالیہ تقریب میں شرکت کریں گے ۔
چینی صدر کے بدھ کی سہ پہر تقریباً 4 بجے واشنگٹن پہنچنے کی توقع ہے ۔ امریکی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ٹرمپ کی جانب سے شی جن پنگ کا ذاتی استقبال ایک غیر معمولی اعزاز ہوگا۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں امریکا اور چین کے درمیان تجارت، ٹیکنالوجی، علاقائی کشیدگی اور دیگر اہم امور پر بات چیت متوقع ہے ۔امریکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ اور شی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں مصنوعی ذہانت کا معاملہ بھی اہم موضوع ہوگا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی سے متعلق کسی بڑے معاہدے کے امکانات محدود ہیں۔ماہرین کے مطابق چین نے جدید اے آئی ٹیکنالوجی میں امریکا کے ساتھ فرق تیزی سے کم کیا ہے ۔ چینی کمپنیوں ڈیپ سیک اور مون شاٹ اے آئی نے ایسے اوپن ویٹ ماڈلز متعارف کرائے ہیں جو کم لاگت کے باوجود امریکی کمپنیوں اوپن اے آئی اور اینتھروپک کے جدید ماڈلز کے قریب سمجھے جاتے ہیں۔ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی 24 ستمبر کو وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں مصنوعی ذہانت، تجارت، ایران اور تائیوان سمیت اہم معاملات زیر بحث آنے کا امکان ہے ۔ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ شی جن پنگ سے تقریباً تمام اہم امور پر بات کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments